مرینہ خان اپنی آنے والی فلم کے پروڈیوسرز سے ناراض

اداکارہ کی آنے والی فلم 16 ستمبر کو ریلیز کی جائیگی

پاکستانی شوبز انڈسٹری عدم ادائیگی کے مسائل سے دوچار ہے اور بڑے ستاروں سے لے کر جونیئر فنکاروں تک سبھی کو پروجیکٹس کرنے اور معاوضہ نہ ملنے کے بعد بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ مرینہ خان کو بھی اسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کی آنے والی فلم ‘یارا وے’ کے پروڈیوسرز نے ان کی پوری فیس ادا نہیں کی۔

اداکار سمیع خان اور علیزے نصر کی فلم یارا وے 16 ستمبر 2022 کو ریلیز ہوگی اور مرینہ خان اس فلم میں اہم کردار نبھارہی ہیں تاہم پروڈکشن ٹیم کی جانب سے اداکارہ سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔

مرینہ خان نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میں بہت پریشان ہوں کہ یہ فلم ریلیز ہونے جارہی ہے کیونکہ مجھے پروڈیوسروں نے پوری رقم نہیں دی جس کا انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا تھا۔ نیز وہ معاہدے پر دستخط کرنے میں بھی تاخیر کرتے رہے لہذا تکنیکی طور پر اگر میں چاہوں تو شاید میں اسٹے آرڈر لے سکتی ہوں لیکن آپس کی بات ہے میں بہت سست ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس فلم کے پروڈیوسرز کے لیے میں صرف اتنا کہہ سکتی ہوں کہ آپ کو شرم آنی چاہیے۔

فلم کی کاسٹ میں سمیع خان، فیضان خواجہ، علیزے ناصر، جاوید شیخ، مرینہ خان اور اسد رضا خان شامل ہیں۔

فلم میں جہاں پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ علیزے نصیر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، وہیں وہ فلم کی پروڈیوسر بھی ہیں۔

فلم کی کہانی التھیا کوشل نے لکھی ہے جب کہ اس کے ڈائیلاگ پاکستانی لکھاری و صحافی مہوش اعجاز نے لکھے ہیں جبکہ فلم کی ہدایات منیش پور نے دی ہیں۔

Marina Khan

Yaara vey

Tabool ads will show in this div