تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا اعلان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔ پی ٹی آئی کی سینئرقیادت الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرے گی۔
پی ٹی آئی کے نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے مستعفی ہونے کے مطالبے کے ساتھ جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر نے ای وی ایم کے نظام کو سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی کیونکہ دو پارٹیوں نے اس سے اختلاف کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین آجائے تو دھاندلی کے 130 طریقے ختم ہوجائیں گے، بھارت اور ایران میں بھی ووٹنگ مشین کا استعمال ہوتا ہے مگر چیف الیکشن کمشنر نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین نہیں آنے دی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اس سے قبل بھی متعدد دفعہ چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار ہے، چیف الیکشن کمشنر کے پاس مزید عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں۔
تحریک انصاف نے 30 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ فارن فنڈنگ کیس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی حکومتی وفد سے ملاقات پر کیا گیا ہے۔