دبئی میں آصف زرداری کی آئی ایس آئی چیف سے ملاقات کی خبروں پر نوید قمر کا جواب
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماء اور وفاقی وِزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے دبئی میں آصف زرداری کی آئی ایس آئی چیف سے ملاقات کی خبروں کے سوالات کا جواب دے دیا ہے۔
کراچی میں سماء سے خصوصی گفتگو کے دوران دبئی میں آصف زرداری کی آئی ایس آئی کے چیف سے ملاقات کی خبروں میں صداقت کے حوالے سے پوچھا تو نوید قمر نے کہا کہ ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، آصف زرداری کو کووڈ تھا تو ایسی حالت میں وہ کیسے کسی سے مل سکتے ہیں۔
شیخ رشید کے دعوؤں کے حوالے سے سید نوید قمر نے کہا کہ شیخ رشید آج کل خواب دیکھ رہے ہیں، وہ بڑی خبر بنوانے کے چکر میں بڑے جھوٹ بول رہے ہیں، مجھے اکتوبر میں عام انتخاب ہوتے نظر نہیں آرہے۔
منافع بخش سرکاری کمپنیوں کے شیِئرز غیرملکیوں کو فروخت کرنے سے متعلق سوال پر وفاقی وِزیر تجارت و سرمایہ کاری نے کہا کہ سرکاری کمپنیوں میں غیرملکیوں کو حصے دار بنانے کو بڑا مسئلہ نہ بنایا جائے۔
نوید قمر نے کہا کہ پاکستان میں پہلے بھی کئی حکومتیں نجکاری پروگرام پر عمل کرچکی ہیں، ابھی شیِئرز کی فروخت کا فریم ورک بن رہا ہے، کتنا اسٹیک بیچیں گے یہ طے نہیں ہوا۔