وزیراعظم نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے امداد کا اعلان کردیا

جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ، مکمل تباہ مکانات کے مالکان کو 5 لاکھ روپے ملیں گے

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں پچھلے 30 سال کا بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ اور مکمل طور پر تباہ گھر کے مالکان کو 5 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔

بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے بلوچستان کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ان علاقوں میں آیا ہوں جہاں بارشوں نے تباہی مچائی، بلوچستان میں پچھلے 30 سال کا بارشوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے پکے اور کچے گھروں کی تقسیم ختم کردی، مکمل طور پر تباہ ہونیوالے گھر کے مالک کو 5 لاکھ روپے فی کس جبکہ جزوی تباہ ہونے والے مکانات کیلئے 2 لاکھ یا اس سے زیادہ امداد دیں گے، جن کے پیارے سیلاب میں جاں بحق ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے وفاق صوبائی حکومت سے مل کر کام کرے گا۔

وزیراعظم کا سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کا دورہ

بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کیلئے وزیراعظم شہبازشریف جیکب آباد پہنچ گئے ہیں، اس موقع پر سیکریٹری بلوچستان اور این ڈی ایم اے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا۔

جیکب آباد کے فضائی دورے کے دوران متعلقہ حکام نے جانب سے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کو علاقے کی تازہ صورت حال اور امدادی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکریٹری بلوچستان اور لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے وزیراعظم کو متاثرین اور صوبے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ علاقے کے دورے کے بعد وزیراعظم جھل مگسی روانہ ہوگئے۔

دورے کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں مختلف علاقوں کے دورے کے دوران سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقاتیں کیں اور ان سے مسائل بھی دریافت کئے۔

دوسری جانب بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے لوگوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

کئی سیلاب متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر بھی منتقل کردیا گیا ہے۔

بلوچستان

Monsoon Rain

PM SHAHBAZ SHARIF

Tabool ads will show in this div