تحریک انصاف کا ابراج گروپ سے پیسے لینے کااعتراف
تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے ابراج گروپ کے عارف نقوی سے پیسے لینے کااعتراف کرلیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ووٹن کرکٹ سے آنے والا پیسہ بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوا۔الیکشن کمیشن میں بھی یہ اکاؤنٹ ڈکلئیرڈ ہے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے کوئی فارن فنڈنگ حاصل نہیں کی، الیکشن کمیشن خود بھی کہہ چکا ہے کہ تحریک انصاف کا کیس فارن فنڈنگ کا نہیں ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے تمام گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے تاہم ن لیگ اور پی پی نے ابھی تک الیکشن کمیشن ک ےپاس ریکارڈ جمع نہیں کرایا، الیکشن کمیشن پی پی اور ن لیگ سے لاڈلے جیسا سلوک نہ کرے۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ میں چندے کے نام پر جمع ہونے والی خیرات تحریک انصاف کو منتقل کی گئی، برطانیہ میں بزنس ٹائیکون اور ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی پی ٹی آئی کیلیے خیرات کے نام پر پیسہ جمع کرتے رہے، اور انہوں نے فنڈ ریزنگ کیلیے برطانیہ میں ٹی ٹوئنٹی میچز کروائے۔
عارف نقوی 2012 سے 2014 تک ووٹن ٹی ٹوئنٹی کے صدر رہے، اور انہوں نے کیمن آئی لینڈز میں شامل کمپنی ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو پی ٹی آئی کے بینک رول کے لیے استعمال کیا۔
عارف نقوی نے ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کرایا اور پی ٹی آئی فنڈنگ میں اس ٹورنامنٹ کا اہم کردارتھا۔ سب سے اہم میچ آکسفورڈ شائر میں عارف نقوی کی رہائش گاہ پرکھیلا گیا، ویک اینڈ پر دی گئی دعوت میں عمران خان سمیت سیکڑوں بینکرز، وکلا اور سرمایہ کاروں نےشرکت کی۔ ووٹن پیلس میں فنڈ ریزنگ میچ میں مہمانوں سے فلاحی مقاصد کے لئے ڈھائی ہزار پاؤنڈ وصول کئے گئے۔
ٹورنامنٹ اور دیگر چندہ مہم سے حاصل ہونے والی 13 لاکھ ڈالر کی رقم ابراج گروپ کی جانب سے 14 مارچ 2013 کو ووٹن کرکٹ کو منتقل کی گئی اور ووٹن کرکٹ کے اکاؤنٹ سے یہ رقم براہ راست پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔