پاکستان کی بگڑتی معاشی صورتحال پرکشمیری پریشان ہیں، سردارعبدالقیوم نیازی
سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردارعبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر کشمیری پریشان ہیں ، روز بروز پاکستان معاشی طور پر کمزور ہو رہا ہے ، سیاسی عدم استحکام بھی بڑھتا جا رہا ہے لیکن پی ڈی ایم ہٹ دھرمی کا شکار ہے، پاکستان کے تمام مسائل کا حل شفاف انتخابات میں ہے ، تمام اسٹیک ہولڈرز الیکشن کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے جموں کشمیر ہاؤس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو دن رات محنت کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کیا اورمعیشت درست سمت پر گامزن کی۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کوسفارتی تنہائی سے نکالا لیکن اچانک بیرونی اشاروں پر سازش کرکے عمران خان کواقتدار سے بےدخل کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سازش نہیں ، پاکستان کی معیشت کے خلاف سازش کی گئی ہے، گزشتہ 4 ماہ کے دوران پاکستان تنزلی کا شکار ہے ، معیشت سنبھل رہی ہے ، نہ ہی دیگر مسائل پر قابو پایا جا سکا ہے۔
سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ عمران خان امت مسلمہ کے لیڈر بن چکے ہیں ، دنیا عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کی قائل ہو چکی ہے ، عمران خان نے بطور وزیراعظم پاکستان کرونا وبا کے دوران بہترین اقدامات کیے، عالمی اداروں نے عمران خان کی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کو سراہا لیکن سیاسی مخالفین کو عمران خان کی کامیابی اور مقبولیت ہضم نہ ہوئی۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ پاکستان میں شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے ، الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہے ، پاکستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔