سعودی عرب کاآزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کیلئےخطیرگرانٹ کا اعلان
سعودی عرب کی حکومت نے آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز کیمپس کے لیے 3 ارب 67 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے جدید ترین تعلیمی ساز و سامان مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے جموں وکشمیر ہاوس اسلام آبادمیں سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ اور جامعہ کشمیر کے درمیان معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں سعودی سفیرنے کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز ٹیچنگ اسپتال مانسہرہ اور کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز کیمپس مظفرآباد کو پاکستان اور آزادکشمیر کے دو اہم ترین منصوبے قراردیا جنہیں سعودی حکومت کے ادارہ برائے ترقی کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان دونوں منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کوتعلیم اور صحت کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی،پاکستان اور سعودی عرب کے مابین محبت و اخوت پر مبنی شاندار برادرانہ تعلقات ہیں اور سعودی ادارہ برائے ترقی کی وساطت سے ان منصوبوں کی تکمیل سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ادارہ برائے ترقی کے تحت سعودی عرب پاکستان میں 23منصوبوں کے لیے 333 ملین امریکی ڈالر کی امداد مہیا کررہا ہے جن میں سے 13منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ 10منصوبے زیر تکمیل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی ترقی سے متعلق ہیں اوران منصوبوں کے علاوہ سعودی ادارہ برائے ترقی (سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ)اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین،عالمی ادارہ خوراک،بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پروجیکٹ سروسز کے ساتھ بھی تعاون کررہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ قبل ازیں 7 ارب روپے سے زیادہ کی خطیر رقم سے کنگ عبداللہ کیمپس کی تعمیر اور اب ساڑھے3 ارب سے زیادہ کی مالی امداد سے ملک کے اس خوبصورت ترین کیمپس کو جدید تعلیمی سہولتوں کی فراہمی سعودی حکومت کا ایک ایسا کارنامہ ہے جسے آزادکشمیر کے عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولتوں سے سات ہزار سے زیادہ طلبہ و طالبات اور تین سو فیکلٹی ممبران استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے کنگ عبداللہ کیمپس کی سائنس لیبارٹریوں کے لیے جدید ترین سامان،کمپیوٹر لیبارٹریوں کو اپ گریڈ کرنے،شعبہ ٹیکسٹائل کے جدید ترین ساز و سامان کی فراہمی سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملے گی۔