کراچی میں مون سون بارشوں کا 55 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

مون سون کا رواں سیزن زیادہ بارشوں کا باعث بن رہا ہے، محکمہ موسمیات

کراچی میں جولائی کے مہینے میں بارش کا 55 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا رواں سیزن سندھ اور بلوچستان کے لئے بالعموم اور کراچی کے لئے بالخصوص غیر متوقع طور پر زیادہ بارشوں کا باعث بن رہا ہے۔

ملک میں مون سون سیزن کا آغاز یکم جولائی سے ہوا اور اب تک مون سون کے 3 اسپیل سندھ اور بلوچستان میں بارشیں برسا چکے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں جولائی کے دوران اب تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار پی اے اے ایف مسرور ایئربیس پر 585 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے جب کہ اس سے قبل سب سے زیادہ بارش جولائی 1967 میں 509 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسی طرح جولائی میں اب تک گلشنِ حدید میں 566، ڈی ایچ اے میں 509، فیصل بیس پر 444 اور قائدآباد میں 424 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسی طرح رواں ماہ اب تک سُرجانی میں 408 ملی میٹر، ناظم آباد 344، کراچی ایئرپورٹ 343، نارتھ کراچی 309 ملی میٹر، اورنگی 293، کیماڑی291، یونیورسٹی روڈ262 اور جناح ٹرمینل میں 249 ملی میٹر بارش برس چکی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مون سون سیزن کے 3 اسپیل کے دوران گلشنِ معمار میں 239، صدر میں 236، سعدی ٹاؤن 226 اور کورنگی میں 152 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ بھی مون سون کی کچھ سسٹم مشرق اور جنوب سے مزید بارشوں کا باعث بن سکتے ہیں۔

رواں برس ملک میں موسم سرما کے دوران بارشیں اور برفباری توقعات سے کافی کم ہوئی تھیں جس کی وجہ سے ملک میں زرعی استعمال کے لیے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی تاہم پری مون سون سسٹم سے ملک میں ناصرف غیرمتوقع بارشیں ہوئیں بلکہ بعض علاقوں میں برفباری بھی دیکھی گئی۔

weather forecast

Monsoon Rain

rain in karachi

Tabool ads will show in this div