سندھ حکومت کی حلیم عادل شیخ کو مقدمات واپس لینے کیلئے پیشکش

تنقید کرنے والوں کیخلاف انتقامی کارروائی پریقین نہیں رکھتے، شرجیل میمن

سندھ حکومت اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو کیس واپس لینے کے لئے پیشکش کی ہے کہ آپ سرکاری زمین قبضہ چھوڑدیں اور متاثرین کو پیسے واپس کریں، آپ کے خلاف بہت سے لوگوں کی شکایت ہیں۔

سندھ حکومت نے تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو مقدمات واپس لینے کی مشروط پیشکش کی ہے۔

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کسی کیخلاف جعلی مقدمہ نہیں بنایا، اور تنقید کرنے والوں کیخلاف انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتے۔

شرجیل میمن نے حلیم عادل شیخ کو پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سرکاری زمین قبضہ چھوڑدیں اور جن متاثرین سے آپ نے جو پیسے لیے ہیں وہ واپس کردیں حکومت کیس واپسی لے لے گی، آپ کے خلاف بہت سے لوگوں کی شکایت ہیں۔

صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن آزادانہ کام کرتا ہے، اینٹی کرپشن گرفتار ایم پی اے کےخلاف تحقیقات کررہی تھی، سرکاری زمین پرسوسائٹی، سیہون ڈولپمنٹ پر قبضے کے الزامات ہیں، پولٹری فارم کی زمینوں پر فارم ہاؤس بنانے کا الزام ہے، اگر عدالتیں سمجھتی ہیں کہ یہ سب کچھ جائز ہے تو ان کو بے شک چھوڑ دے۔

حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمہ خارج

دوسری جانب صوبائی اینٹی کرپشن عدالت نے حلیم عادل شیخ کے خلاف مقدمہ خارج کردیا ہے، اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 63 کے تحت رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

حلیم عادل شیخ کی گرفتاری

گزشتہ روز حلیم عادل شیخ جامشورو میں اپنے مقدمے کی سماعت پر پہنچے تھے، کہ اینٹی کرپشن ڈائریکٹر ذیشان میمن کی جانب سے ان کو حراست میں لے کر نامعلوم جگہ پر منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔

حلیم عادل شیخ کے گارڈز نے پولیس کو روکنے کی بھی کوشش کی تاہم پولیس نے ایسا نہ ہونے دیا۔

اینٹی کرپشن حکام اور مقامی پولیس نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

ترجمان اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت انتقامی کاروائیوں میں اندھی ہوچکی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف من گھڑت مقدمے بناکر انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے خلاف پوری سندھ حکومت پیچھے لگادی گئی ہے اورسندھ میں پیپلزپارٹی مافیا کو للکارنے کی سزا دی جارہی ہے۔

عمران اسماعيل نے مطالبہ کیا کہ اینٹی کرپشن، انکروچمنٹ پیپلزپارٹی کی ونگ بننے کےبجائےادارے کا کردار ادا کرے۔

Sindh Government

PTI

SHARJEEL MEMON

haleem adil shaikh

Tabool ads will show in this div