کراچی بہت بُرے حال ميں ہے، وزيراعلیٰ سندھ کا اعتراف
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی بہت بُرے حال ميں ہے اور غلطی حکومت کی بھی ہے مگر ذمہ دار سب ہيں۔
وزيراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 15،20 سال ميں شہر بے ہنگم انداز ميں پھيلا۔ تجاوزات ہوئيں۔ مراد علی شاہ نے عدالت کو بھی قصوروار ٹہراکر کہا کہ ہم اپنی مرضی سے تو پلاننگ کر ہی نہيں سکتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سيوريج کا نظام بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہيں مگر يہ نہيں ہوسکتا کہ غيرمعمولی بارشيں ہونے کے باوجود پانی جمع نہ ہو۔
واضح رہے کہ کراچی ميں وقفے وقفے سے برسنے والے تيز بارش کے سلسلے کو رکے ہوئے دو دن ہوگئے ہيں ليکن شہر کی متوسط سوسائٹيز اور پوش علاقے ابھی تک تالاب بنے ہوئے ہيں۔
کراچی ميں بارشوں کے طوفانی اسپیل کے بعد اسکیم 33 کی کئی آبادیاں زیرآب آگئیں ہیں۔ نیو انچولی، پی سی ایس آئی آر، اسٹیٹ بینک سوسائٹی میں لوگ گھروں میں محصور ہیں۔
علاقے ميں تين سے پانچ فٹ تک پانی جمع ہے جس ميں گاڑياں ڈوبی ہوئی ہيں، شہر کے پوش علاقے ڈيفنس فيز فائيو کی چھبيس اسٹريٹ بھی 3 دن سے نہر بنی ہوئی ہے۔