اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل گرفتار
جامشورو ٹول پلازہ سے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو اینٹی کرپشن پولیس نے حراست میں لے لیا۔
بدھ کوحلیم عادل شیخ جامشورو میں اپنے مقدمے کی سماعت پر پہنچے تھے۔
اینٹی کرپشن ڈائریکٹر ذیشان میمن کی جانب سے حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے کر نامعلوم جگہ پر منتقل کردیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔
حلیم عادل شیخ کے گارڈز نے پولیس کو روکنے کی بھی کوشش کی تاہم پولیس نے ایسا نہ ہونے دیا۔
اینٹی کرپشن حکام اور مقامی پولیس نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
ترجمان اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت انتقامی کاروائیوں میں اندھی ہوچکی ہے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف من گھڑت مقدمے بناکر انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے خلاف پوری سندھ حکومت پیچھے لگادی گئی ہے اورسندھ میں پیپلزپارٹی مافیا کو للکارنے کی سزا دی جارہی ہے۔
عمران اسماعيل نےمطالبہ کیا کہ اینٹی کرپشن، انکروچمنٹ پیپلزپارٹی کی ونگ بننے کےبجائےادارے کا کردار ادا کرے۔