پرویزالہیٰ کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں نئی کابینہ کی تشکیل سےمتعلق مشاورت کی۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ بنی گالہ پہنچ گئے، اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پنجاب میں نئی کابینہ کی تشکیل سےمتعلق مشاورت کی گئی، عمران خان نے پرویز الہی کو وزیراعلی بننے پر مبارکباد دی، اور نومنتخب وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں میں اتفاق ہوا کہ صوبے کی عوام نے جو اعتماد کیا اس پر پورا اتریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی عوام نے چوروں کے ٹولے کو مسترد کر دیا ہے، عوام کو ریلیف کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔
پرویز الہیٰ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دیتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کردیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین رکنی بینچ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ق لیگ کے 10 ووٹ مسترد کرنے کی رولنگ کو کالعدم قرار دے دیا۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے 11 صفحات پر مشتمل فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز شریف کا وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے حلف غیر آئینی تھا۔