بجلی کی قیمت میں فوری طور پر ساڑھے 3 روپے فی یونٹ کا اضافہ
حکومت نے بجلی کی قیمت میں فوری طور پر ساڑھے 3 روپے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے جب کہ اکتوبر میں بھی 90 پیسے فی یونٹ کے اضافے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
وزیر مملکت مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ کابینہ نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، بجلی کی قیمت میں فوری طور پر ساڑھے 3 روپے کا اضافہ کیا گیا یے، اگست میں بجلی مزید ساڑھے 3 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی، اکتوبر میں بھی 90 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوگا، جب کہ سلیبز کی تفصیل میں ابھی نہیں جائیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بحلی قیمت میں اضافے کی منظوری اس شرط پر دی گئی کہ غریب صارف پر بوجھ نہ پڑے، اس اضافے کی وصولی پہلے ہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی جا رہی ہے۔
خرم دستگیر نے بتایا کہ حکومت غریب ترین شہریوں کا دفاع کر رہی ہے، فروری 2021 کے بعد سے بجلی ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ٹیرف میں شامل ہو گیا ہے، ہمارے ایک تہائی صارفین پر بجلی مہنگی ہونے کا کوئی اثر نہیں ہوگا.
وزیرتوانائی نے کہا کہ ایندھن کی قیمت میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، کوئلہ اور گیس عالمی منڈی میں ناپید ہے، حالیہ دنوں میں صرف تیل کچھ سستا ہوا ہے، بارشوں اور پانی آنے سے تربیلا سے 45 سو میگاواٹ تک پیداوار حاصل کی ہے، کے ٹو نیوکلیئر پاور پلانٹ سے بحلی کی پیداوار بحال ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو، پانچ میجر ایکسپورٹ سیکٹرز کو کم قیمت پر بجلی،گیس فراہمی پر غور کر رہے ہيں، مکس فیڈرز پر موجود صنعتی یونٹس پر کم سے کم لوڈشیڈنگ کی کوشش کریں گے، صنعتی فیڈرز پر بجلی کی فراہمی 24 گھنٹے جاری رہے گی۔
خرم دستگیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں بعض وزراء کے مہنگے پاور پلانٹس کو چلایا گیا، اس حوالے سے ایک وائٹ پیپر جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جو قانون بننے جا رہا ہے اس سے حکومتوں کے درمیان ٹرانزیکشنز ميں شفافیت ہوگی، قانون اس لئے لا رہے ہيں ہے کہ بہت سے ممالک سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، قانون سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ٹرانزیکشنز میں تیزی ہوگی۔
چند ماہ بعد بجلی کی قیمت کم ہونا شروع ہوگی
وزیرمملکت مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہمارے فيصلوں سے چند ماہ بعد بجلی کی قیمت میں کمی ہونا شروع ہوگی، ٹیرف میں اضافہ نہ کريں تب بھی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ادائیگی دینا پڑے گی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہر ماہ 6 سے 9 روپے فی یونٹ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، کوئی بھی فیصلہ ہوا 40 سے 50 فیصد صارفین پر بوجھ نہیں پڑے گا، ہم نے گردشی قرض ميں 214 ارب روپے کی کمی کی ہے۔