کراچی کے ساحل سمندر پر نہانے اور ماہی گیروں کے داخلے پر دفعہ 144 نافذ
کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے ساحل سمندر سمیت مختلف بیچز پر نہانے اور ماہی گیروں کے سمندر پر داخلہ پر دفعہ 144 نافذ کر دی۔
مون سون بارشوں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیس نظر کمشنر کراچی اقبال میمن نے شہر کے ساحل سمندر پر نہانے اور ماہی گیروں کے سمندر میں داخلے پر دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
دفعہ 144کے نفاذ سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث سمندر میں طغیانی کے پیش نظر 6 دن کے لئے باپندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کمشنر کراچی نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ساحل سمند پر جانے سے گریز کریں اور پابندی پر سختی سے عمل کریں۔
کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز ایس ایس پیز کے تعاون سے عملدرامد کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں باپ بیٹی سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
سہراب گوٹھ کے قریب لیاری ندی میں عامر نامی نوجوان ڈوب گیا، 21 سالہ نوجوان کے والد کے مطابق ان کا بیٹا پاؤں پھسلنے سے ندی میں گرگیا تھا، جس کی لاش علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکال لی۔
اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی مغل کانٹے کے پاس پہاڑی تودا گھر پر گرگیا، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ کورنگی ندی میں پھنسنے والے 70 سالہ بزرگ کو کئی گھنٹے بعد ریسکیو کرلیا گیا۔
دوسری جانب لیاری میں گھر میں کرنٹ لگنے سے باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ رحمان اور 10 سالہ حفیظہ شامل ہیں۔
ناردرن بائی پاس میں گڑھے میں ڈوب کر 12 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔