کراچی میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش، نظام زندگی معطل

سڑکوں پر پانی موجود، کئی علاقوں میں گزشتہ روز سے بجلی غائب

کراچی کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش ضلع جنوبی میں صدر کے علاقے میں 217 ملی میٹر ہوئی۔ پی اے ایف بیس مسرور میں 204 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کیماڑی کے علاقے میں 188.5 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ ڈی ایچ اے فیز 2 میں 126 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار بند

سندھ حکومت کے اعلان کے مطابق کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں آج عام تعطیل ہے تاہم بینکس، وفاقی حکومت کے ماتحت محکمے اور ادارے اور ہنگامی خدمات فراہم کرنے والے محکموں کا عملہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے موجود ہے۔

سڑکوں پر پانی جمع

سندھ حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود شہر کے کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہے، سب سے بری صورت حال اولڈ سٹی ایریا، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور قیوم آباد میں ہے۔

ایم اے جناح روڈ پر کے ایم سی بلڈنگ کے باہر برساتی نالہ اوور فلو ہونے کے باعث سڑک ندی ما منظر پیش کررہی ہے۔ گارڈن کے قریب پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب بھی پانی موجود ہے۔

پیپلز اور گرین لائن بس سروسز معطل

شہر کی سڑکوں پر بارش کاپانی جمع ہونے کے باعث پیپلز بس اور گرین لائن سروس معطل ہے۔

پیپلز بس سروس اور گرین لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں پرپانی سےبسوں کو نقصان ہوسکتا ہے، مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھاگیا ہے۔

بجلی کی فراہمی معطل

گزشتہ روز سے شہر کے مختتلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں میں پانی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے۔

بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی میں 1900 میں سے 60 فیڈرز حفاظتی طور پر بند ہیں، پانی جمع ہونے اور کنڈوں کی بہتات کے باعث حفاظتی اقدام ناگزیرہے، فیلڈ سے کلیئرنس ملتے ہی علاقوں کی بجلی بحال کی جارہی ہے۔

مزید بارش ہوگی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کراچی، ٹھٹہ، بدین، حیدر آباد ، دادو،ا ٓواران، پنجگور، پسنی، جیوانی اورگوادر میں مزید بارش کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

30 جولائی سے ایک اور اسپیل

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ پیر کی شام سے تھم جائے گا لیکن 30 جولائی کو بارش برسانے والا ایک اور سسٹم سندھ میں داخل ہوگا۔

کراچی

MET OFFICE

Monsoon Rain

Tabool ads will show in this div