عید الاضحیٰ پر ریلیز پاکستانی فلمیں شائقین پر اپنا جادو چلا پائیں؟
عید الاضحیٰ پر 3 پاکستانی فلمیں لندن نہیں جاؤں گا ، قائد اعظم زندہ باد اور لفنگے ریلیز ہوئیں۔ ان میں سے دو فلموں لندن نہیں جاؤں گا اور قائد اعظم زندہ باد کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا کیونکہ دونوں فلموں میں پاکستان کے ٹاپ فنکاروں نے اپنی اداکاری کے جلوے دکھائے ہیں۔
فلم لندن نہیں جاؤں گا میں پاکستان فلم انڈسٹری کی سب سے مشہور جوڑی ہمایوں سعید اور مہوش حیات نے اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ فلم کی کہانی پاکستان کے مایا ناز مصنف خلیل الرحمان قمر نے تحریر کی ہے۔ جو اپنی بہترین اسکرپٹ رائٹنگ اور جاندار مکالموں کے باعث جانے جاتے ہیں۔ اس سے قبل خلیل الرحمان قمر پاکستان کی کامیاب ترین فلم ‘‘پنجاب نہیں جاؤں گی’’ کی کہانی بھی تحریر کرچکے ہیں۔ اس فلم میں ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی جوڑی نے شائقین کو خوب لبھایا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی تھی اور تقریباً 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔ اس غیر معمولی بزنس کی وجہ سے اسے پاکستان کی تاریخ کی کامیاب فلموں میں سے ایک قرار دیاجاتا ہے۔
لہذا ہمایوں سعید، مہوش حیات اور خلیل الرحمان قمر کی فلم لندن نہیں جاؤں گا کا شائقین بے صبری سے انتظار کررہے تھے کیونکہ فلموں کے دلداہ شائقین کو معلوم تھا کہ ان تینوں کی جوڑی ایک بار پھر کوئی نہ کوئی کمال کرے گی۔ لیکن کیا واقعی ہمایوں سعید، مہوش حیات اور خلیل الرحمان قمر کی جوڑی باکس آفس پر ایک بار پھر کمال کرنے میں کامیاب ہوسکی ہے یا نہیں، یہ آپ کو آگے بتاتے ہیں لیکن اس سے پہلے بات کرلیتے ہیں عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہونے والی دوسری فلم قائد اعظم زندہ باد کی۔
جس طرح لوگوں کو لندن نہیں جاؤں گا کا بے صبری سے انتظار تھا بالکل اسی طرح فلم قائد اعظم زندہ باد کی ریلیز نے بھی لوگوں کو بے چین کررکھا تھا۔ لوگ اس فلم کے لیے اتنے بے تاب کیوں تھے اس کی کئی وجوہات ہیں سب سے پہلی وجہ تو فلم میں پاکستان کی ٹاپ اداکارہ ماہرہ خان تین سال بعد پردہ اسکرین پر جلوہ گر ہورہی ہیں۔ اس سے قبل ماہرہ خان آخری بار 2019 میں فلم سپر اسٹار میں نظر آئی تھیں ۔ اور دوسری وجہ فلم میں پہلی بار اداکار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی جوڑی ایک ساتھ جلوے بکھیر رہی ہے۔
دلچسپ بات تو یہ ہے کہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ گزشتہ کئی برس سے انڈسٹری میں موجود ہیں اور کئی بڑے پروجیکٹس بھی کرچکے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر دونوں نے ایک ساتھ کبھی کام نہیں کیا۔ لہذا فلم ‘‘قائد اعظم زندہ باد’’ میں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو ایک ساتھ دیکھنا دونوں کے مداحوں کے لیے ٹریٹ ثابت ہوئی۔
فلم میں فہد مصطفیٰ اپنے گزشتہ پروجیکٹس کے برعکس ایک پولیس والے کے کردار میں نظر آئے اور یہ کوئی سنجیدہ کردار نہیں بلکہ کافی چلبلا کردار ہے جو یقیناً شائقین کو اسکرین سے جوڑے رکھنے میں کامیاب رہتا ہے۔ فلم میں ماہرہ خان نے جہاں بہترین اداکاری کرنے کی پوری کوشش کی ہے وہیں وہ بے حد خوبصورت بھی لگی ہیں۔ یقیناً تین سال بعد ماہرہ خان کو بڑے پردے پر دیکھنے کے لیے ان کے مداح بے چین تھے۔
لیکن کیا واقعی ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی جوڑی شائقین کو متاثر کرپائی اور دونوں فلموں ‘‘لندن نہیں جاؤں گا’’ اور قائد اعظم زندہ باد نے باکس آفس پر کتنی کمائی کی آئیے جانتے ہیں۔
لندن نہیں جاؤں گا
فلم لندن نہیں جاؤں گا فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی قائد اعظم زندہ باد کی طرح رومینٹک کامیڈی نہیں بلکہ ایک ایموشنل ڈراما ہے اس فلم کی ہدایت کاری پاکستان کے ٹاپ ہدایت کاروں میں سے ایک ہدایت کار ندیم بیگ نے کی ہے جب کہ فلم کو سکس سگما پلس اور اے آر وائے فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔
اے آر وائے فلمز نے فلم کا ایک ہفتے کا بزنس شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فلم لندن نہیں جاؤں گا کی نمائش نہ صرف پاکستانی سینما میں کامیابی سے جاری ہے بلکہ اسے بین الاقوامی سطح پر بھی بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ اے آر وائے فلمز کے مطابق فلم نے ایک ہفتے کے دوران دنیا بھر سے 35 کروڑ 21 لاکھ کا بزنس کیا ہے۔ یہ فلم کا لائف ٹائم بزنس نہیں ہے لہذا امید کی جاسکتی ہے کہ فلم مزید بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
قائد اعظم زندہ باد
اب آتے ہیں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی فلم قائد اعظم زندہ باد کے باکس آفس کلیکشن پر۔ یہ ایک ایکشن رومانٹک فلم ہے جو لوگ صرف تفریح کی غرض سے سینما کا رخ کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے یقیناً یہ فلم ایک ٹریٹ ہے۔ اس فلم کی ہدایات نبیل قریشی نے کی ہے جو اس سے قبل نامعلوم افراد، نامعلوم افراد2، لوڈ ویڈنگ اور کھیل کھیل میں جیسی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔ جن میں نامعلوم افراد فرنچائز باکس آفس پر کامیاب رہی تھی۔ فلم قائد اعظم زندہ باد میں تفریح کے ساتھ ساتھ ایک سماجی پیغام بھی دیاگیا ہے جس کے لیے ہدایت کار نبیل قریشی جانے جاتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ اور فلم والا پکچرز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کی ایک ہفتے کی کمائی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم نے دنیا بھر سے ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 28 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
دونوں فلموں کے اعدادوشمار کا موازنہ کیاجائے تو پتہ چلتا ہے کہ ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی فلم لندن نہیں جاؤں گا فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی قائد اعظم زندہ باد سے ابھی تک تو بازی لے جارہی ہے تاہم آگے دونوں فلمیں کتنا بزنس کرتی ہیں یہ تو وقت ہی بتائے گا۔
لفنگے
اب بات کرتے ہیں عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی تیسری فلم لفنگے کی۔ اس فلم میں اداکار مانی ، سمیع خان اور نازش جہانگیر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ فلم میں ادکار سلیم معراج بھی اہم کردار میں نظر آئے ہیں۔
ریلیز سے قبل یہ فلم سنسر بورڈ کی جانب سے لگنے والی پابندی کےباعث مشکلات کا شکار بھی رہی۔ بعد ازاں اسے ریلیز کی اجازت مل گئی۔ یہ ایک ہارر کامیڈی فلم ہے تاہم یہ فلم باکس آفس پر اوپر بیان کی گئیں دونوں فلموں کے مقابلے میں کچھ خاص بزنس نہیں کرسکی مختلف ویب سائٹس کے مطابق فلم سینما میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے۔