حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا
حمزہ شہباز نے دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے ہفتے کی صبح 23 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب ہفتے کے روز صبح سویرے گورنر ہاؤس پنجاب میں ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب تاریخی دربار ہال میں منعقد کی۔
وفاقی وزرا، اراکین اسمبلی اور آزاد رکن پنجاب اسمبلی، آئی جی پنجاب راؤ سردار اور چیف سیکریٹری پنجاب سمیت بیورو کریسی کی بڑی تعداد بھی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھی۔
حمزہ شہباز نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ق) کے پرویز الہی کے مقابلے میں اس عہدے کے لیے انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں دوبارہ حلف اٹھایا۔
زرداری سب پر بھاری
تقریب حلف بردارری کی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ حمزہ شہباز کے حلف اٹھانے کے فوری بعد ایک زرداری سب پہ بھاری کے نعرے لگائے گئے۔
سیکیورٹی انتظامات
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ڈولفن فورس، پنجاب پولیس کے اہلکار اور افسران گورنر ہاؤس کے باہر تعینات کیے گئے۔
نئی صوبائی کابینہ
وزیراعلی حمزہ شہباز کے حلف کے بعد آج پنجاب کی نئی کابینہ بھی حلف اٹھائے گی۔ حلف برداری کی یہ تقریب بھی گورنر ہاؤس میں ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے تاخیر سے شروع ہونے والے اجلاس کے دوران اس وقت ڈرامائی صورت حال پیدا ہوئی، جب وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز دوبارہ منتخب ہوئے۔
وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کو 179 ووٹ ملے، جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) کے امیدوار پرویز الہی کی حق میں 186 ووٹس آئے۔
تاہم صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت پرویز الہٰی کو ملنے والے ووٹوں میں سے (ق) لیگ کے تمام 10 ووٹ مسترد کردیئے، جس کے بعد حمزہ شہباز 3 ووٹوں کی برتری سے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔
حمزہ شہباز کے وزیراعلی منتخب ہونے کے اعلان کے ساتھ ہی پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) دونوں نے حمزہ شہباز کو پنجاب کا منتخب وزیراعلیٰ قرار دینے کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے متنازع فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا اور رات گئے ق لیگ کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست بھی دائر کی گئی۔
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ حمزہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مقابلے میں پرویز الہی کو شکست دی۔
آخری بار جب انہوں نے 16 اپریل کو کامیابی حاصل کی تھی تو اس وقت کے گورنر عمر سرفراز چیمہ نے ان سے حلف لینے سے انکار کرتے ہوئے ان کی حلف برداری کئی دنوں تک ملتوی رکھی تھی جس کے بعد بالآخر، قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق 30 اپریل کو ان سے حلف لیا تھا۔