سری لنکا: ایوان صدر کو خالی کرانے کیلئے فوجی ایکشن
سری لنکا میں حکومت مخالف مظاہرین کے کیمپ پر فوج اور پولیس کا دھاوا، متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
فوج اور پولیس کمانڈوز کی بھاری نفری نے کولمبو میں ایوان صدر کے باہر رات کے وقت کارروائی کی اور مظاہرین کی جانب سے لگائے گئے ٹینٹ اکھاڑ کر پھینک دیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ آپریشن صدارتی سیکرٹریٹ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کیلئے کیا تھا اور فورسز نے صدارتی عمارت کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے، پولیس نے مظاہرین کو صدارتی محل میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے وہاں جانے والے راستوں کو بند کردیا ہے۔
حراست میں لیےگئے افراد میں عام مظاہرین کے علاوہ حکومت مخالف گروپ کے کئی سرکردہ رہنما بھی شامل ہیں جن میں وکیل نوان بوپاج، ایکٹوسٹ لاہیرو سلوا، انورانگا اور دیگر شامل ہیں، یہ آپریشن ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مظاہرین نے خود ہی آج 22 جولائی کو صدارتی سیکرٹریٹ کو خالی کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا تھا۔
اس سے ایک دن قبل جمعرات کو چھ بار وزیراعظم رہنے والے رانیل وکرما سنگھے نے ملک کے آٹھویں صدر کے طور پر حلف اٹھایا تھا اور انکے حلف اٹھانے کے اگلے ہی روز فورسز نے مظاہرین پر چڑھائی کردی۔ رانیل وکرما سنگھے کی جانب سے آج اپنی کابینہ اور نئے وزیراعطم کی تقرری بھی متوقع ہے۔