وزارت اعلیٰ پنجاب کا انتخاب، پرویز الٰہی کو 188 سے زیادہ ووٹ ملیں گے، کامل علی آغا
کامل علی آغا کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کو 188 سے زیادہ ووٹ ملیں گے، چوہدری شجاعت کی منظوری سے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار بنایا گیا۔
سماء کے پروگرام 7 سے 8 میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنماء کامل علی آغا کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ سے متعلق دعوے کے بے شمار شواہد موجود ہیں، منڈی بہاء الدین سے خاتون رکن پنجاب اسمبلی نے موبائل فون پر کئی کالز دکھائی ہیں، عدالتوں کے پاس پہلے بھی کئی شواہد موجود ہیں، 3 ارکان نے دستخط شدہ حلف نامہ دیئے ہیں، عدالت میں پیش کردیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بڑی تعداد میں اپوزیشن اور اتحادی ارکان اسمبلی سے رابطے کئے جارہے ہیں، فیصل آباد سے ایم پی اے کو رانا ثناء نے دھمکی آمیز کالز کروائیں، رانا ثناء اللہ خود دھمکیاں دے رہا ہے کہ 5 ایم پی ایز غائب ہوسکتے ہیں، پنجاب کا وزیر داخلہ بھی سب کو دھمکیاں دے رہا ہے، جو سب کے علم میں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کامل علی آغا نے کہا کہ سب اداروں کو چاہئے کہ پارلیمنٹ کے تقدس کو قائم رکھیں، پارلیمنٹ اور اسمبلیاں کام کریں گی تو ملک کو فائدہ ہوگا اور جمہوری عمل آگے بڑھے گا، جس سے معاشی استحکام بھی آئے گا، سب کو ہوش کا دامن تھامنا چاہئے، کوشش کرنی چاہئے کہ جمہوریت چلتی رہی اور اسے استحکام و دوام حاصل ہو۔
آصف زرداری کی جانب سے پرویز الٰہی کیلئے دھمکی آمیز پیغام کے سوال پر مسلم لیگ ق کے رہنماء کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی دھمکیوں کا اثر ہم پر نہیں پڑتا، کسی کی جرأت نہیں ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھے، عمران خان کا ساتھ نبھائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں چوہدری شجاعت حسین کی جانب جھکاؤ رکھنے والے اراکان سے متعلق انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے 10 ارکان ایک جگہ بیٹھے ہوئے ہیں، ہمیں 188 سے زیادہ ووٹ ملیں گے، ایک دو آزاد ارکان بھی ووٹ دیں گے۔
کامل علی آغا کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے صلح ضروری ہے، ہر ملک میں اسٹیبلشمنٹ کا اہم کردار ہوتا، اس کے ساتھ مل کر ملک و قوم کی بہتری کی جاسکتی ہے، ورکنگ ریلیشن شپ بہتر ہونی چاہئے۔
سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کامل علی آغا نے کہا کہ پرویز الٰہی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب امیدوار کی منظوری چوہدری شجاعت نے دی، چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی میں کوئی تفریق نہیں۔