79 سالہ امریکی صدر پہلی بار کورونا میں مبتلا
عمر رسیدہ امریکی صدر جو بائیڈن پہلی بار کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر کے مطابق جو بائیڈن میں کورونا کی علامات محسوس ہوئی تھیں جس کے بعد انکا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔
پریس سیکریٹری کے مطابق 79 سالہ امریکی صدر بائیڈن کو کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز کے علاوہ دو بوسٹر ڈوز بھی لگ چکی ہیں۔ ترجمان کے مطابق جو بائیڈن وائٹ ہاؤس میں ہی آئیسولیٹ ہوچکے ہیں اور وہیں سے معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دینگے۔
وائٹ ہاؤس کے کورونا وائرس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آشیش نے سی این این کو بتایا کہ صدر بائیڈن کو جمعرات کی صبح بخار نہیں تھا، انکی زکام اور خشک کھانسی کی شکایت ہے اور وہ کچھ تھکاوٹ کا سامنا کر رہے ہیں۔
جو بائیڈن نے جنوری 2021 میں فائزر/بائیو ٹیک کوویڈ 19 ویکسین کی پہلی دو خوراکیں حاصل کی تھیں، ستمبر میں ان کو پہلی بوسٹر ڈوز اور 30 مارچ کو دوسری بوسٹر ڈوز دی گئی تھی۔
عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے جو بائیڈن کو کورونا سے زیادہ خطرہ لاحق ہے اگرچہ کہ امریکی مرکز برائے ڈیزیز کنٹرول کہہ چکا ہے کہ بڑی عمر کے بالغ افراد کو مکمل طور پر ویکسین اور بوسٹر ڈوز لگانے کے بعد موت کے خطرے میں نمایاں کمی آجاتی ہے۔