لاہور: تگڑا اسپیل،7 گھنٹے مسلسل بارش سے20سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے مون سون کا تگڑا اسپیل جاری ہے، جہاں 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جب کہ تاج پورہ کے علاقے میں 238 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، جب کہ مون سون کا یہ اسپیل 25 جولائی تک جاری رہے گا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔
لاہور
لاہور میں گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث قذافی اسٹیڈیم اور اطراف میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، جب کہ ضلعی انتظامیہ اور واسا کا عملہ شہر کی اہم شاہراہوں سے پانی کے اخراج کو یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ ترجمان واسا کے مطابق مشینری اور عملے کی جانب سے قذافی اسٹیڈیم کے اطراف سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 238 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لاہور ایئرپورٹ پر 219 اور مغل پورہ میں174ملی میٹر بارش ریکارڈ، جب کہ پانی والا تالاب میں 158 اور جوہر ٹاون میں 124 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پنجاب
باغوں کے شہر میں بارش برسنے کا سلسلہ گزشتہ رات بدھ سے شروع ہوا، جو جمعرات کی صبح بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شہر میں کالی گھٹاوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔
مال روڈ، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو فیروز پور روڈ ، گرین ٹاؤن، ٹاؤن شپ ملتان روڈ ، مغل پورہ، ہربنس پورہ، کینال روڈ ،وحدت روڈ، فیروزپور روڈ، اندرون لاہور اور متعدد علاقوں میں بارش نے گرمی کی چھٹی کردی۔
مون سون کے تازہ اسپیل کے تحت سیالکوٹ اور گرد و نواح میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم مسلسل برستی بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
خیبر پختونخوا
جمعرات کے روز خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ پشاور میں 21 جولائی جمعرات کی صبح سے بادلوں کے ڈیرے اور ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی
کراچی میں آج بروز جمعرات 21 جولائی کو بھی مختلف مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم کراچی میں چوبیس یا پچیس جولائی کی رات تیز بارش ہوسکتی ہے۔
جمعرات کی صبح شہر کا درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جب کہ دن میں ہوائیں 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔ 24 سے 25 جولائی کو عمر کوٹ سے کراچی تک بارش کا تیز اسپیل متوقع ہے ۔
بلوچستان
بلوچستان میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور مختلف واقعات میں ہونے والی اموات کی تعداد (90) نوے ہوگئی ہے۔
محکمے کی جاری رپورٹ کے مطابق رواں برس صوبے میں جولائی کے ماہ میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
بلوچستان میں اب تک 987 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں بارشوں اور سیلاب سے چار قومی شاہراوں اور نو پلوں سمیت چمن، ڈیرہ بگٹی، پشین، تربت اور قلعہ عبداللہ میں سات ڈیموں کو بھی نقصان پہنچا۔
بلوچستان میں مون سون کی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں پیٹ اور آنتوں کی بیماریوں سے دو ہفتوں کے دوران اب تک گیارہ افراد جاں بحق، جب کہ تین ہزار سے زائد متاثر چکے ہیں۔21 سے 27 جولائی تک پورے ملک میں تیز بارشیں متوقع ہے، جب کہ ایران کے ساتھ جُڑے بلوچستان کے علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔