فاروق ستار پاک سرزمین پارٹی کے مرکز پہنچ گئے
ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار پاک سر زمین پارٹی کے مرکز پہنچ گئے۔
ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کراچی میں پاک سر زمین پارٹی کے مرکز پہنچے جہاں انہوں نے پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی سے ملاقات کی۔
فاروق ستار کا بیان
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ یہ میرا پاکستان ہاؤس کا پہلا دورہ ہے، میرے ساتھ میرا وفد بھی آیا ہے، یہاں بڑے کھلے دل کے ساتھ آئے ہیں، ہم امید سے آئے ہیں، ہمارے درمیان مفاہمت کا آغاز ہوگیا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ بہادر آباد والوں نے میری واپسی کو خوش دلی سے قبول نہیں کیا، 30 جون سے17 جولائی تک انتظار کیا لیکن کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں۔
سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہریوں کو اپنی لاوارثی کا احساس ہے، ہمیں کسی کا راستہ نہیں روکنا ، ہم اس شہر کی گلیوں اور عوام کو جانتے ہیں ، پی ایس پی کا ایک بیانیہ ہے ، میرا اور ایم کیو ایم کا ایک بیانیہ ہے ہمیں ایک یکجہتی قائم کرنی ہے، ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہے۔
مصطفیٰ کمال کا بیان
اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ملتے جلتے رہنا چاہیے، ہمارے لیے فاروق ستار کا الیکشن میں کھڑا ہونا خود حیران کن تھا ، وہ تو ایم کیو ایم میں واپس جا رہے تھے تو یہ سب کچھ سرپرائز ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فاروق بھائی نے جو بات کی ہے وہ مرکزی کابینہ میں رکھیں گے، ہمارا نظریہ سب کے سامنے ہے، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ سب کے سامنے کریں گے۔