پیپلزپارٹی کیلئے انتخابات میں ٹھپے ڈاکو لگاتے رہے ہیں،مصطفیٰ کمال کا الزام
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کیلئے الیکشن میں ڈاکو ٹھپے لگاتے ہیں، انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کراچی کے مسائل صرف پی ایس پی ہی حل کرسکتی ہے۔
سندھ کے سیکنڈ فیز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کی دھواں دھار تقاریر اور دعوؤں اور الزامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
کراچی میں بروز بدھ 20 جولائی کو پریس کانفرنس سے خطاب میں پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کسی نے کراچی کی بہتری پر توجہ نہیں دی ہے، مگر ہم کراچی کے مسائل آسانی سے حل کرسکتے ہیں، ہم کراچی کو دوبارہ بنا سکتے ہیں۔
وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی دو سیٹوں پر حکمرانی ہے، صوبے میں ن لیگ کا نوئی ووٹ بینک نہیں۔ ایم کیو ایم کے بغیر شہباز شریف وزیراعظم نہیں رہ سکتے اور انہوں نے 2 وزارتیں لے کر اپنے حصے کی رشوت لے لی ہے۔
پی پی پر الزام عائد کرتے ہوئے سابق میئر کراچی نے کہا کہ سندھ پولیس صوبے کی نہیں پیپلزپارٹی کی پولیس ہے، اندرون سندھ سے پولیس اہلکار بلائے جانے کی اطلاعات ملی ہیں، پیپلز پارٹی الیکشن میں ریاستی مشینری استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ پی پی انتخابات میں ڈاکوؤں سے ٹھپے لگواتی ہے۔
مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی غنڈہ گردی کے باعث آج ہم جہنم میں ہیں،آج جوطاقت ایم کیوایم کی سات سیٹوں میں ہے وہ چالیس سال میں کسی کے پاس نہیں تھی، اس کے باوجود گٹرمیں گرنے والوں کے لواحقین کوکوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔