جہاں خرید و فروخت کی منڈی ہوتی ہے وہاں آصف زرداری ہوتے ہیں، شیخ رشید

اکتوبر نومبر میں عام انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جہاں خرید و فروخت کی منڈی ہوتی ہے وہاں آصف زرداری ہوتے ہیں، لیکن اب بات سیاست دانوں کے ہاتھوں سے نکل کر عوام کے ہاتھ میں آگئی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں شیخ رشید نے اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق درخواست دائر کردی، درخواست میں حکومت کی انتخابی اصلاحات سے متعلق ترامیم کو چیلنج کیا گیا ہے، جب کہ وفاق، وزارت پارلیمانی امور،قانون،کابینہ اور الیکشن کمیشن فریق بنایا گیا ہے۔

شیخ رشید نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی سہولت کے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے، ووٹ ڈالنے کی سہولت نہ دیکر تارکین وطن کو ووٹ کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔

درخواست میں شیخ رشید نے استدعا کی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹ سہولت کیخلاف ترامیم کالعدم قرار دی جائیں، فریقین کو تارکین وطن کو ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، حکم دیا جائے کہ آئندہ الیکشن میں اوور سیز پاکستانی حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی تعیناتی کیخلاف درخواست

شیخ رشید نے لاہور ہائی کورٹ میں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی تعیناتی کیخلاف بھی درخواست دائر کی، جس میں وزیراعلیٰ، چیف سیکریٹری اور رانا ثنااللہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن کی تعیناتی خلاف قانون ہے، 20ویں گریڈ کے افسر کو ڈی جی اینٹی کرپشن نہیں لگایا جا سکتا، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کیخلاف فوجداری مقدمات چل رہے ہیں، رانا عبدالجبار کو بطور ڈی جی اینٹی کرپشن فوری کام سے روکا جائے۔

شیخ رشید کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے سماعت کی، عدالت نے چیف سیکریٹری اور حکومت پنجاب کو نوٹسزجاری کرتے ہوئے 27 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

قبل ازیں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک سری لنکا کے حالات کی طرف جارہے ہیں، ابھی تک آئی ایم ایف کے ساتھ بیل آوٹ معاہدہ طے نہیں پایا، سیاسی عدم استحکام معاشی قیامت کو جنم دے رہا ہے، ملک کے حالات ٹھیک کرنا سب کی ذمہ داری ہے، اکتوبر نومبر میں عام انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی وزارت اعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی کے نامز امیدوار ہیں، کل نہیں تو پرسوں پرویز الہٰی وزارت اعلیٰ عہدے کا حلف اٹھائیں گے، پورا یقین ہے چوہدری شجاعت پرویز الہٰی کو سپورٹ کریں گے، چوہدری شجاعت کے پاس جانا پڑا تو جاؤں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ جہاں خرید و فروخت کی منڈی ہوتی ہے وہاں آصف زرداری ہوتے ہیں، لیکن اب بات سیاست دانوں کے ہاتھوں سے نکل کر عوام کے ہاتھ میں آگئی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اوورسیز ووٹوں کیلئے ابھی سپریم کورٹ جارہاہوں، اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ بنیادی حق ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا ملک پر اتنا ہی حق ہے جتنا کسی اور کا، لیکن حکومت تاخیری حربے استعمال کررہی ہے،

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف بھی آنا چاہتے تھے، لیکن عمران خان نے نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف اپیل دائر کردی ہے، تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے،جہاں عمران خان ہوں گے ہم ان کے ساتھ ہوں گے۔

NAB

sheikh rasheed

Sheikh Rasheed Ahmed

Tabool ads will show in this div