مالی سال 2022ء میں سب سے زیادہ گاڑیوں کی فروخت کا ریکارڈ قائم

قیمتیں بڑھنے کے باجود جون میں بھی اضافہ برقرار رہا

پاکستان میں گزشتہ مالی سال 22-2021ء میں گاڑیوں کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔

گزشتہ مالی سال 2022ء کے دوران 2 لاکھ 79 ہزار 700 کاریں فروخت ہوئیں جو اس سے پچھلے مالی سال 2021ء کے مقابلے میں 54 فیصد زائد ہے، 2021ء میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 81 ہزار 400 کاریں فروخت ہوئیں تھی۔

واضح رہے کہ مالی سال میں جتنی گاڑیاں بکی ہیں اتنی بڑی تعداد میں اس سے پہلے کسی بھی سال میں کاریں فروخت نہیں ہوئیں یعنی گزشتہ مالی سال کاروں کی ریکارڈ فروخت ہوئی ہیں۔

عارف حبیب سیکیورٹیز کے مطابق 2009ء میں 99 ہزار کاریں فروخت ہوئی تھیں، جس میں 2010ء میں نمایاں اضافہ ہوا اور یہ فروخت ایک لاکھ 41 ہزار سے تجاوز کرگئی بعد میں یہ رفتار قدرے سست پڑگئی اور 2013، 2014ء کے مالی سالوں میں کمی آگئی، تاہم پھر فروخت بڑھی سوائے مالی سال 2020ء کے جس میں گاڑیوں کی فروخت ایک لاکھ 12 ہزار تک آگئی لیکن 2021ء میں گاڑیوں کی فروخت پھر بڑھنے لگی یہاں تک کہ 2022ء میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

پاکستان آٹو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باجود گزشتہ مالی سال کے آخری ماہ جون کے دوران بھی کاروں کی فروخت میں اضافے کا رجحان برقرار رہا اور گزشتہ ماہ 28 ہزار 500 کاریں فروخت ہوئیں جو اس سے پچھلے ماہ مئی کے مقابلے میں 107 فیصد (یعنی دگنی سے بھی زیادہ) اور جون 2021ء کے مقابلے میں 24 فیصد زائد ہیں۔

اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ماہ جون میں سب سے زیادہ 1000 سی سی سے کم کی گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہوا، 1000 سی سی سے کم گاڑیوں کی فروخت میں اس سے پچھلے ماہ مئی کے مقابلے کمیں 37 فیصد اور جون 2022ء کے مقابلے میں 516 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 1000 سی سی کاروں کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 47 فیصد اضافہ ہوا، اس کے مقابلے میں 1300 سی سی اور اس سے اوپر کی گاڑیوں کی فروخت میں ماہانہ 6 فیصد اور سالانہ 45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کمپنیوں کے لحاظ سے جون میں گاڑیوں کی فروخت کا اس سے پچھلے ماہ مئی سے موازنہ کیا جائے تو ہنڈا اٹلس کار کی فروخت میں 34 فیصد، پاک سوزوکی 31 فیصد اور انڈس 7 فیصد بڑھی، جبکہ پچھلے ماہ جون کا جون 2021ء سے موازنہ کیا جائے تو سوزوکی کمپنی کی فروخت میں 214 فیصد، انڈس میں 39 فیصد اور ہنڈا اٹلس کار میں 39 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق گزشتہ ماہ جون میں سب سے زیادہ سوزوکی بولان کی فروخت ہوئی اور مجموعی طور پر بولان ماڈل کی فروخت 7 ہزار 487 رہی جو اس سے پچھلے ماہ مئی کے مقابلے میں 936 فیصد زیادہ ہے اور جون 2021ء کے مقابلے میں یہ شرح 3904 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ہنڈائی نشاط کے ماڈل پورٹر کی فروخت میں بھی ماہانہ 268 فیصد اور سالانہ 175 فیصد اضافہ ہوا، دیگر ماڈلز میں کلٹس کی فروخت میں ماہانہ 94 فیصد اور سالانہ 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سوزوکی راوی میں ماہانہ 36 فیصد اور سالانہ 177 فیصد جبکہ کرولا یارس کی فروخت میں ماہانہ 4 فیصد اور سالانہ 19 فیصد اضافہ ہوا، فورچونر، ہیلکس کی فروخت میں ماہانہ 15 فیصد اور سالانہ 133 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق آلٹو کی فروخت میں سالانہ 78 فیصد، ویگن آر اور سوئفٹ میں 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اسی طرح ایلانترا کی فروخت میں 18 فیصد اور سوناٹا کی فروخت میں سالانہ 50 فیصد کمی ہوئی ہے۔

پاکستان

CAR SALE

Tabool ads will show in this div