کراچی میں کورونا بے قابو، 9 مریض انتقال کرگئے
ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 10 کورونا مریض جان کی بازی ہارے، جن میں سے 9 کا تعلق کراچی اور ایک کا پنجاب سے ہے۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ کورونا کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 451 ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 737 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ملک بھر میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 28 ہوگئی ہے۔
قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں کرونا کی صورتحال تشویشناک ہے، ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں کرونا کے 10 مریض انتقال کرچکے ہیں، اور ان میں سے 9 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے، جب کہ ایک مریض پنجاب میں جان کی بازی ہارا، اور ملک بھر میں کرونا کے 189 مریضوں کی حالت تشویشناک بھی ہے۔
وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں میں مزید 415 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اور کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 4.82 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
** مختلف شہروں میں کرونا کیسزکی صورت حال**
اعداد و شمار کے مطابق لاہورمیں نئے کرونا کیسز کی تعداد 131 اور شرح 6.61 فیصد، حیدرآباد میں نئے کیسز 12اور شرح 5.26 فیصد، پشاور میں نئے کیسز 28 اور شرح 5.22 فیصد رہی۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق مردان میں 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئی اور یہاں شرح 3.95 فیصد ریکارڈ ہوئی، فیصل آباد میں 9 کیسز اور شرح 2.39 فیصد، اسلام آباد میں نئے کیسز 39 اور شرح 2.14 فیصد ریکارڈ ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سرگودھا میں 7 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور وہاں مثبت کیسز کی شرح 1.84 فیصد ریکارڈ ہوئی، کوئٹہ میں 6 کرونا کیسز اور شرح 1.73 فیصد جب کہ صوابی میں ایک کیسز رپورٹ ہوا اور وہاں شرح 4.76 فیصد رہی۔