سردارعبدالقیوم نیازی کا بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کا دعویٰ
سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ کارکن بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کریں ، بلدیاتی الیکشن ہر صورت ہوں گے اور ہم کلین سویپ کریں گے۔
تتہ پانی میں کارکنان سے خطاب کرتےہوئے سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اب صرف عوام کا راج ہو گا ، عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آزاد کشمیر میں 32 سال تک عوام کو ان کا حق نہ دیا گیا ، میرے حلقہ انتخاب والوں کیلئے یہ باعث فخر کارنامہ ہے کہ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ان کے نمائندے کے ذریعے ممکن ہوئے۔
انھوں نے واضح کیا کہ اب عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے حکومت کے پیچھے مظفرآباد کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ وہ اب خود اپنے مسائل حل کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کےعوام آج بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں ، ان کی توجہ کا محور بیس کیمپ پر ہے ، ہمیں مل کردنیا بھر میں ان کیلئے آواز اٹھانی ہوگی تاکہ وہ بھی آزاد ہو سکیں۔