لاہور میں علی الصبح رم جھم سے موسم حسین اور ٹھنڈا
لاہور کے مختلف علاقوں میں جمعہ 15 جولائی کی صبح موسلا دھار بارش نے جہاں موسم حسین بنا دیا وہیں گرمی کی شدت کم کرکے درجہ حرارت ٹھنڈا کردیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ایبٹ روڈ، مال روڈ، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، لکشمی چوک کے اطراف میں بوندا باندی سے حد نگاہ منظر حسین ہوگیا۔
بارش کی وجہ سے شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی بھی واقع ہوئی ہے۔ میٹ آفس کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔، جب کہ شہر میں بارش کا سلسلہ 3 روز تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب شاہدرہ میں بارش کے سبب چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ واقعہ شاہدرہ کے علاقہ فرخ آباد میں پیش آیا۔
خاتون کی شناخت ستر سالہ ہانیہ کے نام سے ہوئی۔ گھر میں بزرگ میاں بیوی اور ان کی بیٹی رہائش پذیر تھی۔ شوہر نماز پڑھنے گیا تو چھت گر گئی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق مکان کی چھت گارڈر اور ٹی آر کی بنی تھی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔