پیٹرول کی قیمت میں15 سے 20 روپے فی لیٹر کمی کا امکان
آئندہ 24 گھنٹے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی کا امکان ہے۔
مشکل فیصلوں کا وقت گزر گیا ہے اور اچھے دن آرہے ہیں، کیوں کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمت میں غیرمعمولی کمی متوقع ہے۔
وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری طلب کرلی ہے۔
دوسری جانب ذرائع وزارت پیٹرولیم نے بتایا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری تیار ہوچکی ہے اور وزارت پیٹرولیم نے سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی، اور وزارت پیٹرولیم کی جانب سے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ہی سمری تیار کی گئی ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے وزارت خزانہ ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے سمری منظوری کیلئے وزیر اعظم کو ارسال کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے، اور بالخصوص پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں15 سے 20 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
اس وقت ملک میں پیٹرول کی قیمت 249 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہے، اور ڈیزل کی قیمت 276 روپے ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت پیٹرول 100 روپے جب کہ ڈیزل 142 روپے فی لیٹر مہنگا کیا ہے۔
رواں ماہ کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں خاطرخواہ کمی کے بعد 97 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے بھی وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ عالمی قیمت جتنی کمی ہوئی، اس کا فائدہ پوری شفافیت سےعوام کومنتقل کیا جائے۔