دھاندلی کے الزامات عمران خان کا اپنی شکست کا پیشگی اعتراف ہے، وزیراطلاعات

ووٹ چور ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں، مریم اورنگزیب

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عمران خان کا اپنی پیشگی شکست کا اعتراف ہے، وہ ووٹ چور ہیں ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان وزیراعظم ہوکر الیکشن کمیشن کے احکامات کی دھجیاں اڑاتےرہے، ان کے وزرا نے اپنے دورمیں کھلم کھلا الیکشن کمیشن قانون کی خلاف ورزی کی، ان سب نے الیکشن کمیشن کودھمکیاں دیں اور آج بھی الیکشن کمیشن کو چور کہتے ہیں دھمکیاں اورروزحملے کررہے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان لاڈلا بننے کی کوشش میں قانون و ضابطے کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں، دھاندلی کے الزامات ان کا اپنی شکست کا پیشگی اعتراف ہے، وہ ووٹ چور ہیں ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ابھی ضمنی الیکشن ہوئے نہیں اور عمران صاحب کا ماتم شروع ہو گیا ہے، اصل میں فارن فنڈنگ کیس کی وجہ سے الیکشن کمیشن عمران خان کا نشانہ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان خود کو قانون سمجھتے ہیں لیکن قانون کے تابع نہیں سمجھتے، وہ الیکشن کمیشن کو روز گالیاں اور دھمکیاں بھی دیتے ہیں اور اس کے خلاف درخواستیں بھی دے رہے ہیں، جب کہ عمران خان اور ان کے وزرا اپنے دور اقتدار میں ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم چلاتے رہے، اس کے برعکس ن لیگی وزرا نے الیکشن کمیشن احکامات اور قانون کی پاسداری کے احترام میں استعفے دیئے، وزیراعظم شہبازشریف کو الیکشن کمشن نے حکم دیا تو انہوں نے دورہ منسوخ کردیا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمشن کے واضح احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلگت بلتستان ، خیبرپختونخواہ اور آزادکشمیر کے انتخابات میں مہم چلائی تھی، ان کے وزرا الیکشن مہم میں پیسے تقسیم کرتے، ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کرتے اور دھاندلی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔

pmln

IMRAN KHAN

MARYAM AURANGZAIB

Tabool ads will show in this div