دنیا چاند پر جارہی ہے اور ہم گٹر کے ڈھکن نہیں لگا سکتے، مصطفیٰ کمال
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ دنیا چاند پر جاری ہے اور ہم گٹر کے ڈھکن نہیں لگا سکتے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفٰی کمال نے کہا کہ دنیا نے سمجھ لیا ہے اگر کسی ملک کو معاشی طور پر ترقی یافتہ بنانا ہے تو وہ شہروں پر توجہ دے بنا سکتے ہیں، شہر ملک کو امیر بناتے ہیں، دنیا بھر میں نئے شہر آباد کیے جاتے ہیں بنگلا دیش جیسے ملک نے ترقی حاصل کرنے کے لیے نئے شہر آباد کیے ہیں لیکن ہم نے 75 سال میں ایک بھی نیا شہر نہیں بنایا۔
سابق سٹی ناظم نے کہا کہ کراچی پورے پاکستان کا فنانشل حب اور گیٹ وے ہے، آج بھی پاکستان میں سب سے ریونیو کراچی دے رہا ہے، پورے پاکستان کا 60 فیصد ریونیو کراچی دے رہا ہے، کراچی پنجاب سے زیادہ سے سیلز ٹیکس دے رہا ہے، کراچی بدقسمت شہر ہے، دنیا چاند پر جاری ہے اور ہم گٹر کے ڈھکن نہیں لگا سکتے، بارش میں لوگوں کا مرنا معمول کی بات ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میرا پاکستان کے حکمرانوں سے کوئی مطالبہ نہیں ہے، پاکستان کے حکمرانوں سے مطالبہ کرنا اپنا مذاق سمجھتا ہوں، میں صرف پاکستان کی عوام سے بات کررہا ہوں، 14 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، پیپلزپارٹی حکومت نے ایک قطرہ پانی کا نہیں دیا، ہمارا پانی ہائیڈرنس بناکر عوام کا پانی بیچا جارہا ہے۔
چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کلہ کراچی کا حصہ 3 سو ارب روپے ملنا چاہیے تھا صرف 38 ارب روپے دیا گیا، 38 ارب روپے بھی پورا نہیں ملا، وہ بھی زیادہ تر کرپشن کی نذر ہوگیا، پیپلز پارٹی پہلے سے اچھا کام اپنے بینک اکاؤنٹس اور تجوریاں بھرنے کو کہتی ہے، زیادہ پیسہ آئے گا تو زیادہ پیسہ ملک سے باہر جائے گا،تجاوزات کو اقوام متحدہ کی فورس نے ختم نہیں کرنا ، تجاوزات تو حکمران روز خود قائم کروارہے ہیں ۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اس شہر کے ڈاکٹر ہیں ہم نے اسے پہلے بھی ٹھیک کیا تھا اور ہم ہی اسے ٹھیک کرسکتے ہیں، 24 جولائی کو ایک موقع آرہا ہے پی ایس پی کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں، بلدیاتی انتخابات میں ایک دفعہ ڈولفن کے نشان پر مہر لگا کر ہمیں کراچی کی چوکیداری دیں۔