پاکستان میں فن ٹیک کا بڑھتا ہوا رجحان

جولائی 2020ء تا 2021ء سرمایہ کاری 110 ملین ڈالرز ریکارڈ

عالمی اور قومی سطح پر سخت معاشی صورتحال کے باوجود پاکستانی اسٹارٹ اَپس نے 2022ء کی پہلی ششماہی میں 280 ملین ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اسٹارٹ اَپس کے ذریعے حاصل کی گئی یہ سرمایہ کاری گزشتہ سال کے مقابلے میں 171 فیصد زیادہ ہے، 2021ء کے ابتدائی 6 ماہ میں سرمایہ کاری 110 ملین ڈالرز ریکارڈ کی گئی تھی۔

سرمایہ کاری حاصل کرنے والے اسٹارٹ اَپ میں دستگیر نے 37 ملین ڈالرز، ابھی فنانس 17 ملین، میڈز این مور نے 11.5 ملین، سدا پے 10.7 ملین اور بائیکیا نے 10 ملین ڈالرز کی انویسٹمنٹ حاصل کی۔

فن ٹیک آپریٹرز اس تیزی سے ابھرتی ہوئی اسٹارٹ اَپ دنیا کو متحرک رکھتے ہیں، جو نئے آئیڈیاز، معلومات اور سہولت کی بنیاد پر ہدف بنائے گئے صارفین کو مختلف خدمات پیش کرتے ہیں۔

مثال کے طور پر ابھی ایک فن ٹیک کمپنی ہے، جو کاروبار اور ملازمین کو مالی طور پر بااختیار بناتی ہے۔ یہ ابتدائی اجرت تک رسائی کا پلیٹ فارم ہے، جو تنخواہ دار ملازمین کو اگلے پے رول سائیکل سے پہلے اپنی جمع شدہ تنخواہ کا ایک فیصد خرچ کرنے کی اجازت دیتا ہے، یہ ملازمین کو بلوں کی تاخیر سے ادائیگی، ہنگامی صورتحال میں نقد رقم کی فراہمی اور مہنگے قرض لینے سے بچاتا ہے۔ یہ بی ٹو بی ٹو سی ماڈل پر کام کرتا ہے، جو کمپنیوں کو ملازمین کو فائدہ پہنچانے والی مصنوعات کی فراہمی میں مدد دیتا ہے۔

سدا پے نے بھی حال ہی میں اپنی سروس شروع کی ہے۔ یہ ڈیجیٹل والیٹ اکاؤنٹ ہے، جسے کسی بھی اسمارٹ فون سے منٹوں میں سیلفی اور قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) کے ذریعے کھولا جاسکتا ہے۔ کوئی ماہانہ فیس ہے اور نہ ہی کوئی ٹرانزیکشن فیس۔ اکاؤنٹ ہولڈر پورے پاکستان میں کسی بھی اے ٹی ایم سے مہینے میں 3 مرتبہ بغیر کوئی فیس ادا کئے پیسے نکال سکتا ہے۔ انٹربینک ٹرانسفر کے ذریعے پاکستان میں کسی بھی ادارے کو 10,000 روپے فوری اور مفت بھیجے جاسکتے ہیں۔

پاکستان میں فن ٹیک آپریٹرز گزشتہ ڈیڑھ سال سے کاروبار کررہے ہیں۔ فن جا اور نیا پے دو آپریٹرز ہیں، جو ٹارگیٹڈ مارکیٹ میں اپنے کاروبار کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

حساب کتاب ایک پاکستانی پی ایف ایم (ذاتی فنانس مینجمنٹ) اَیپ ہے، جو کسی بھی فرد کی مالی سرگرمیوں کو منظم کرنے کا پلیٹ فارم ہے، یہ فرد کے اخراجات، بچت اور بجٹ کے بارے میں معلومات جمع کرتی ہے اور معاملات کا ہر پہلو سے جائزہ پیش کرتی ہے، جس سے اُسے اپنے مالی معاملات درست طریقے سے چلانے میں مدد ملتی ہے۔

حساب کتاب نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی ٹارگیٹڈ مارکیٹ میں جگہ بنائی ہے، اس کی اَیپ کو 160 سے زیادہ ممالک میں 7 لاکھ سے زیادہ صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا، جنہوں نے سلوشن کے متعارف کرائے جانے کے بعد سے 13 ملین سے زائد کا مالی لین دین بھی کیا۔

فن ٹیک آپریٹر عالمی مارکیٹ میں کام شروع کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، جس کا مقصد ذاتی مالیاتی انتظام کیلئے ایک جدید حل کے ذریعے ملکی برآمدات کو بڑھانا ہے۔

حساب کتاب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) یاسر الیاس کے مطابق ہماری 30 کمپنیوں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، خاص طور پر پرسنل فنانشل مینجمنٹ (پی ایف ایم) حل کے خواہشمند بینکوں سے بات چیت جاری ہے۔ ان مالیاتی اداروں میں سے ممکنہ طور پر 18 کا تعلق خلیجی ممالک سے ہے۔

مختلف فن ٹیک کمپنیوں کے مقابلے میں حساب کتاب مقامی مارکیٹ کو خدمات فراہم کرنے کے ساتھ زرمبادلہ کے حصول کیلئے برآمدی منڈیوں پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ فن ٹیک آپریٹر کی پہلی کامیابی عالمی سطح پر تسلیم شدہ پلیٹ فارم ٹیمنوس ایکس چینج (مارکیٹ) کی جانب سے ہمارے پروڈکٹ کی توثیق کیا جانا ہے، جس نے حساب کتاب کو لامحدود لین دین کیلئے پہلے سے مربوط حل کے طور پر پیش کیا ہے۔ کمپنی کا مقصد پاکستانی برانڈ کی عالمی سطح پر کامیابی کو یقینی بنانا ہے۔

ان فن ٹیک آپریٹرز کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے دیگر فن ٹیک آپریٹرز بشمول متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وائی اے پی، پاکستان اور چائنا موبائل پاکستان الیکٹرانک ای کامرس کمپنی کو بھی ملک میں کام کرنے کی اجازت دی ہے۔

پاکستان

technology

Javeria Jul 08, 2022 10:34am
i need more information related to this topic and please also suggest some apps used for this purpose i.e fun take
Tabool ads will show in this div