ایک ہفتے میں گھی اور تیل 350سے400 روپے کا ہوجائیگا، مفتاح اسماعیل
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بہت جلد گھی 100 سے 150 روپے فی کلو سستا ہوجائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جو کہہ رہے ہیں کہ معیشت تباہ ہوگئی ہے ایسا کچھ نہیں، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے ، معیشت قابومیں آگئی ہے، ہم نے بہت مناسب بجٹ پیش کیا، ہم نے بجٹ میں امیر لوگوں سے قربانی مانگی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے ،گھی ،چینی اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ ئے گی، بہت جلد گھی 100 سے 150 روپے سستا ہوجائے گا بلکہ ایک ہفتے میں گھی 350 سے 400 روپے کا ہوجائےگا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار بھی پی ٹی آئی حکومت ہی ہے، ہم نے جو پلانٹس لگائے تھے وہ بھی پی ٹی آئی دور میں بند تھے ، کاش پی ٹی آئی حکومت عقل مندی سے کام لیتی، ہم پی ٹی آئی سے زیادہ بجلی بنارہے ہیں، پی ٹی آئی کے رہنما کہتے ہیں کہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت زیادہ ہے جو بےبنیاد بات ہے، کراچی میں 11 سومیگاواٹ کاایک اور نیو کلیئر پلانٹ چل جائےگا، بجلی کی کیپسٹی بڑھنے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ چھوڑ کرگئے ہیں، انہوں نے ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر کے قریب آگئی، تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مناسب وقت پر عوام کو پہنچائیں گے، ہم نےایل این جی خریدنے کے لئے ٹینڈر کیا لیکن کسی نے دلچسپی ظایر نہیں کی، افغانستا ن، افریقا اور دیگر ممالک سے کوئلہ آرہا ہے۔
پنجاب حکومت کی روشن گھر اسکیم سے متعلق مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے پیسوں سے بجلی پر سبسڈی دے رہی ہے ، پنجاب حکومت اپنے صوبے کے غریب عوام کا بوجھ اٹھارہی ہے تو پی ٹی آئی اس اقدام کو چیلنج کرتی ہے جس پر افسوس ہے۔ ہم غریب کو ریلیف دیتے ہیں تو پی ٹی آئی آگے دیوار بن جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں گزشتہ حکومت کی نااہلیوں کاخمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے، چین نے مشکل میں ہماری مالی مدد کی ہے، آئی ایم ایف سے جلد بہتر معاملات طے پا جائیں گے۔