ٹانک: گومل کے علاقے میں درجنوں افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے
رپورٹ: کفایت اللہ
ضع ٹانک میں گومل کے علاقے رغزئی میں سیلابی ریلے میں عورتوں اور بچوں سمیت درجنوں افراد پھنس گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جنوبی وزیرستان میں شدید بارشوں کے باعث ٹانک میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث گومل کے علاقے میں سیلابی ریلے میں تقریباً 50 لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقے میں سیلاب کے باعث متعدد مکانات کو نقصان بھی پہنچا ہے۔ ڈپٹی کمنشر حمید اللہ خٹک کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
امدادی کارروائیوں میں فرنٹیئر کور، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر اداروں کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعہ علاقے میں مسلسل طوفانی بارشوں کے باعث پیش آیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے سے پھنسے افراد کے نکالنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ریسکیو آپریشن کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
حمید اللہ خٹک کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کےلیے ہیلی کاپٹر لانے کے بھی احکامات جاری کردیے ہیں، سیلاب میں پھنسے افراد کو زندہ بچانا اور نکالنا اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے وزیرستان کے پہاڑوں پر شدید بارش کے پیش نظر عوام کو مخطاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔