امریکی وزیر خارجہ کا بلاول بھٹو کو فون، باہمی تعلقات پر گفتگو
انٹونی بلنکن سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات ہوئی، بلاول بھٹو
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا، جس میں باہمی تعلقات و دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ سے دونوں ملک کے تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر تجارت، توانائی، صحت اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو عوامی اور تجارتی روابط کو مزيد فروغ دينا چاہئے۔