اپر چترال میں گلیشئر پھٹنے سے دریائے یار خون بلاک،چھوٹا ڈیم بن گیا
اپر چترال میں پسوم گول گلیشئر پھٹنے سے دریائے یار خون بلاک ہونے سے چھوٹا ڈیم بن گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے دریائے چترال میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ۔ دریائے چترال کے اطراف رہنے والی تمام آبادی کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیدیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق برفانی جھیل پھٹنے اور گلشئیر کی رکاوٹ کے باعث دریائے یار خون ڈیم میں تبدیل ہوگیا ہے ، پسوم گول کی جانب سےدریا کے بہاؤ میں بدستور اضافہ جاری ہے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ بند ٹوٹنے کی صورت میں دریائے چترال میں سیلاب سے مقامی آبادی کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ لب دریا رہنے والے لوگ فوری طور پر محفوظ مقامات پر شفٹ ہو جائیں۔
ضلعی انتظامیہ نے کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں مون سون کے پہلے اسپیل نے ہی جل تھل ایک کردیا ہے جب کہ 3 روز میں صرف بلوچستان میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
خلیج بنگال سے ملک میں داخل ہونے والا مون سون سسٹم پنجاب، سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا باعث بن رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں ہورہی ہیں اور یہ سلسلہ جمعرات کی صبح تک جاری رہے گا۔