سماء کی کاوشیں، 113 عازمین حج آج رات سعودی عرب روانہ ہونگے

بینک ٹرانزیکشن میں تاخیر کی وجہ سے ان افراد کی پروازیں مس ہوگئی تھیں

سماء عازمین حج کی آواز بن گیا، بینک ٹرانزیکشن میں تاخیر کی وجہ سے سعودی عرب جانے سے محروم 113 عازمین کی خبر کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا، آج رات نجی ایئر لائن کی پرواز سے جدہ بھیجا جائے گا۔

نمائندہ سماء کے مطابق بینک ٹرانزیکشن میں مسائل کی وجہ سے 113 عازمین حج کی پروازیں مس ہوگئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے سماء کے ذریعے حکام سے اپیل کی تھی کہ مناسک حج شروع ہونے سے قبل انہیں سعودی عرب بھجوایا جائے۔

سماء پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے ان تمام 113 عازمین حج کو آج رات سعودی بھجوانے کا حکم دیدیا۔

وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں آج رات ایک بج کر 10 منٹ پر خصوصی پرواز کے ذریعے حج کے تمام 113 خواہشمندوں کو سعودی عرب روانہ کیا جائے گا۔

عازمین حج آواز اٹھانے پر سماء اور مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو مشکور ہیں۔

ان تمام عازمین کو سب سے پہلے جدہ لے جایا جائے گا جہاں سے یہ تمام افراد احرام باندھ کر منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ سعودی سول ایوی ایشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق عازمین حج 7 جولائی کی رات 12 بجے تک سعودی عرب آسکتے ہیں، حجاج کو جدہ ایئرپورٹ کے ذریعے داخلے کی اجازت ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ مناسک حج کا آغاز کل (جمعرات 8 ذی الحج) سے ہورہا ہے۔

پاکستان

HAJJ 2022

Tabool ads will show in this div