کورونا وبا؛ این سی او سی کی عیدالاضحی پر سیاحوں کے لئے خصوصی ہدایات

سفر کے دوران کورونا کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال یقینی بنائیں، عبدالقادر پٹیل

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عید الضحیٰ کے موقع پر پہاڑی علاقوں کی جانب تفریح کے لئے جانے والے سیاحوں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے عوام کو تحفظ دینے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، یہ اقدامات مربوط حکمت عملی کے تحت کیے جارہے ہیں۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ہجوم والی جگہوں پر زیادہ ہو جاتا ہے، اس لئے اپنے سیاحتی سفر کے دوران کرونا کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال یقینی بنائیں۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اِس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سیاحت کیلئے جانے والے تمام افراد مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہوں، جن افراد نے اپنی ویکسنیشن مکمل کر لی ہے وہ بوسٹر ڈوز بھی لازمی لگوائیں۔

این سی او سی نے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں سیاحت کے لیے جانے والے شہریوں کے لئے ہدایات ترجمان وزارت صحت

قومی ادارہ صحت کے ايگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام نے کہا کہ اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے موسمی حالات، بالخصوص بارشوں ، ژالہ باری ، تیز جکڑدار ہواؤں اور دیگر صحت عامہ کے حالات کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنائیں۔

میجر جنرل عامر اکرام کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات پر اچانک لوگوں کا ہجوم بڑھ جانے سے وہاں کے ہوٹلز اور ریسٹورینٹس وغیرہ میں قیام و طعام کی سہولتیں ناکافی ہوجاتی ہیں، اِس لئے اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اِس بات کی مکمل تسلی کرلیں کہ جہاں آپ سیاحت کی غرض سے جارہے ہیں، وہاں رہنے کی مناسب جگہ اورکھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں اور مناسب داموں پر دستیاب ہیں۔

ايگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت نے مزید کہا کہ طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ والے مقامات سے غیر محتاط طریقے سے گزرنے سے مکمل احتراز برتیں اور راستے کلئیر ہونے کے بارے میں متعلقہ سرکاری حکام اور اداروں کی ہدایات پرسختی سے عمل پیرا ہوں۔

ملک میں کورونا کی صورت حال

قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 17 ہزار 150 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 805 میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 4.69 فیصد ہوگئی جب کہ ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا۔

Coronavirus

Tabool ads will show in this div