دیوار سے لگایا گیا تو چپ نہیں رہوں گا، عمران خان

موجودہ حکمرانوں کو موقع ملا تو اسرائیل کو بھی تسلیم کرلیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی

عمران خان نے موجودہ حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں دیوار کے ساتھ لگادیا گیا تو پھر میں مجبورہوکر بولوں گا اور سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا کہ کیا ہوا ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوری عمل چل رہا تھا جو رک گیا،امریکا پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی سے خوش نہیں تھا، امریکا چاہتا تھا ایک فون کال آئے اور پاکستان ان کی جنگ میں شامل ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک صحیح راستے پر جارہا تھا، اس وقت سازش کی گئی، ہمارے ملک میں رجیم چینج ہوا، امریکا نے ہم پر وہ لوگ مسلط کئے جن کی چوری کی انٹرنیشنل فیم ہے، پہلی بار ایسا ہوا کہ وزیراعظم گیا اور عوام سڑکوں پر آگئی، پہلے سازش ہوئی پھر کرپٹ لوگوں کو اوپر لایا گیا، ان سب کا مقصد این آر او ٹو لینا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ جو کہہ کر آئے تھے مہنگائی کم کریں گے انہوں نے آج مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دیئے، ہمارے دور میں معیشت کے اعداد و شمار درست جارہے تھے، ہماری آئی ٹی کی بھی ایکسپورٹس بڑھ رہی تھیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مجھے سب پتہ ہے، قوم کی وجہ سے خاموش ہوں، ہراساں کیا گیا تو سب کچھ قوم کے سامنے رکھوں گا، یہ لوگ ملک کو انارکی کی طرف لے کر جارہے ہیں، سوشل میڈیا کا زمانہ ہے یہ چاہیں بھی تو روک نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں 30 سال سے حکومتوں میں ہیں، ان دونوں کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، ان کے آنے کے بعد سے ہندوستان اور بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گئے، یہ ان دونوں خاندانوں کی وجہ سے ہوا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ کس طرح یہ ساری سازش ہوئی، مجھے سب پتہ ہے کہ کیس نے کیا کیا اور کون کون ملوث ہے، میں چاہتا ہوں کہ میرے ملک کو نقصان نہ پہنچے اس لئے چپ کرکے بیٹھا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے ایک ٹیپ بھی محفوظ جگہ پر رکھی ہے اگر مجھے کچھ ہوا تو لوگوں کو پتہ چلے کہ اس میں ملوث ہے اور اس ملک کے ساتھ غداری کس کس نے کی، اسی طرح ہمیں دیوار کے ساتھ لگادیا گیا اور ہراساں کیا گیا تو پھر میں مجبورہوکر بولوں گا اور سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا کہ کیا ہوا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان کو الیکشن جتوانے کیلئے انتظامیہ پوری طرح ملوث ہے، سندھ کا بلدیاتی الیکشن جیسے ہوا کیا یہ ہے الیکشن؟، سندھ کے بلدیاتی الیکشن میں دہشت پھیلائی گئی، یہ جمہوریت ہے؟۔

عمران خان نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عوام نے دھاندلی کے باوجود انہیں ہرانا ہے۔

IMRAN KHAN

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div