اسلام آباد: کورنگ نالے میں پھنسے 4 بچوں کو بچا لیا گیا

نالہ لئی پر فوج طلب

اسلام آباد میں تھانہ بنی گالہ کی حدود میں بہنے والے کورنگ نالے کے پانی میں پھنسے 4 بچوں کو بچا لیا گیا ہے۔ جب کہ نالہ لئی میں طغیانی کے باعث پاک فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق کورنگ نالے میں پھنسے بچوں کو بحفاظت ریسکیو کرکے گھروں پر پہنچا دیا گیا۔ چاروں بچے پانی میں کھیلتے کھیلتے ریلے میں بہہ گئے تھے۔

دوسری جانب اسلام آباد اور راول پنڈی میں پیر کی رات سے شروع ہونے والی طوفانی بارش کی وجہ سے نالہ لئی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ نالہ لئی پر خطرے کے سائرن بھی بجا دیئے گئے۔

پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ گئی ہے، پاک فوج کے دستے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے نالہ لئی پرموجود ہیں، ریسکیو 1122 کا عملہ بھی گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی پر موجود ہے۔

واسا کا عملہ متحرک ہوگیا ہے، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہائو 12 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 9 فٹ ہے، شہر میں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے سیکٹر ایچ 13 میں نالے کی دیواریں ٹوٹ گئیں، پانی گھروں میں داخل ہو گیا، متعدد گاڑیاں بھی پانی میں پھنس گئیں۔

قبل ازیں اسلام آباد، راول پنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ مری، وزیرآباد، گجرات سیالکوٹ اور دیگرشہروں میں بادل برس پڑے۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے، بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے، کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، مردان اور سوات میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ وادی کالام، مالم جبہ سمیت بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے جاری بارش نے موسم سرد کردیا۔ مینگورہ شہر سمیت میدانی علاقوں میں بھی بارش جاری ہے۔

کراچی کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال سے آنے والا مون سون سسٹم تاحال سندھ میں موجود ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں آج بروز منگل 5 جولائی کو بارش کا امکان ہے۔

میٹ آفس کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہے گا، شہر کا منگل کی صبح درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

مون سون کا پہلا اسپیل کمزور پڑ گیا ہے، آج کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں۔ 5 اور 6 جولائی کی شام شہر میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

کل رات تک سسٹم شہر سے باہر چلا جائیگا۔ مون سون کا دوسرا اسپیل 8 جولائی کی رات یا 9 جولائی کی صبح شہر میں داخل ہوگا۔

کراچی

weather

Rawalpindi

NALA LAI

Monsoon Rain

Tabool ads will show in this div