خزانے میں پیسے نہیں، بنی گالا والے سارا کھاگئے، مریم نواز

پیٹرولیم کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، نائب صدر ن لیگ

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ خزانے میں پیسے نہیں، بنی گالا والے سارا خزانہ کھا گئے، پیٹرولیم کی قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے لاہور میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ شاید ہی ایسے مشکل فیصلے تاریخ میں کبھی ہوئے ہوں، آئی ایم ایف معاہدے کے تحت تیل کی قیمتیں بڑھانی پڑیں، سب جانتے ہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ کس نے کیا تھا، قیمتیں نہ بڑھاتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور اس کی جماعت مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، پنجاب میں 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کا بل نہیں آئے گا، غریب کا پنکھا اور لائٹ بھی جلے گی اور بل نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ خزانے میں پیسے نہیں ہیں بنی گالا والے سارا خزانہ کھا گئے، پچھلے 4 سالوں میں صرف فتنہ خان کے دوستوں کو نوازا جاتا تھا، خزانہ خالی ہے اس کے باجود سستا آٹا، چینی، دال مل رہی ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا ہے کہ جب تک عمران خان کی حکومت تھی کوئی سازش نہیں تھی، وہ کہتا تھا یہ امریکا کے غلام ہیں، جب اس کی کرسی گئی تو پاکستان غلام ہوگیا، اب ڈونلڈ لو سے کہا غلطی ہوگئی ہمیں معاف کردو۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میڈیا کے ذریعے مہم چلائی، اب عمران خان کی اہلیہ کی آڈیو سامنے آگئی، عمران خان کی اہلیہ کہتی ہیں کوئی الزام لگائے تو غداری کا الزام لگانا، شکر ہے یہ نہیں کہا خواب میں بشارت ہوئی ہے غداری کا ٹرینڈ چلاؤ، عمران خان کے گھر کے بھیدی روز لنکا ڈھاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام جان چکے ہیں کہ پنجاب کی ترقی کے دشمن کا نام عمران خان ہے، 12 کروڑ کے صوبے پر منی گالا گینگ حکومت کررہا تھا، اس گینگ کا سرغنہ عمران خان تھا جو پنجاب میں لوٹ مار کررہا تھا، نواز شریف سی پیک لایا، عمران خان جی پیک لایا، عمران خان کا میگا پراجیکٹ گوگی پنکی اکنامک کوریڈور (جی پیک) تھا۔

ن لیگ کی نائب صدر نے الزام لگایا کہ پنجاب کے عوام کا لوٹا ہوا مال سیدھا منی گالا جاتا تھا، پنجاب کے عوام اب کسی کو مینڈیٹ چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، 17 جولائی کو پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے، سب نواز شریف کو ووٹ دیں۔

IMRAN KHAN

MARYAM NAWAZ SHARIF

BYE ELECTIONS

Tabool ads will show in this div