کراچی میں موسلا دھار بارش، لٹھ ڈیم بھر گیا

سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی

بالآخر محکمہ موسمیات کی پیشگوئی پوری ہوگئی، کراچی کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، پورے شہر میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، بحریہ ٹاؤن، گلشن معمار، آئی آئی چندریگر روڈ اور سرجانی ٹاؤن میں بادل جم کر برسے، لٹھ ڈیم بھر گیا، گڈاپ ندی کا پانی سپرہائی وے کی طرف بڑھنے لگا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کی دوپہر بارش کا سلسلہ شروع ہوا، گڈاپ، گلشن معمار اور سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، بفرزون، شادمان، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، گرومندر، سولجر بازار سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 27.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلشن معمار 24.3 اور نارتھ کراچی میں 12.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔

تیز بارش کے باعث گلشن معمار اور سرجانی ٹاؤن میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا، یوسف گوٹھ کی زیرتعمیر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گڈاپ میں بارش کے بعد لٹھ ڈیم بھرگیا، جس کے باعث ندی کا پانی موٹر وے کی جانب بڑھنا شروع ہوگیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ مزید بارش ہوئی تو فقیر گوٹھ اور سعدی ٹاؤن بھی زیرآب آسکتے ہیں۔

بارش کے باوجود ماحول میں حبس ہے تاہم گرمی کی شدت کسی حد تک کم ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج شمال مشرقی بلوچستان، سندھ، بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کشمیر کے مقام ہرامان میں 69 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، مون سون کی بارشوں کا حالیہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے دوپہر کے بعد بارش کی پیش گوئی تھی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ بارش سے اربن فلڈنگ کا کوئی خظرہ نہیں، تاہم 40 ملی میٹر بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارش کا سسٹم کمزور پڑ چکا ہے لیکن مون سون بارشوں کاسسٹم سندھ میں موجود ہے،اس لئے سندھ کے مختلف علاقوں بالخصوص کراچی میں معتدل ہلکی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں ميں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم بارش ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات کراچی کے علاقوں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، شادمان اور اطراف کےعلاقوں ميں بارش ہوئی۔

محکمہ موسميات نے بتایا کہ کراچی میں موجودہ درجہ حرارت31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور شہر میں 8 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، دن میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سیٹی گریڈ تک رہے گا اور دن میں ہوا 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد رہے گا۔

عیدالاضحیٰ کے تینوں دن بارشوں کی پیشگوئی

کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق مون سون کا پہلا اسپیل 6 جولائی تک جاری رہے گا جبکہ عیدالاضحیٰ کے تینوں روز اسی طرح بارش کا امکان ہے۔

کراچی

rainy weather

rain in karachi

Tabool ads will show in this div