پنجاب حکومت کا فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ

آنے والے دنوں میں بشریٰ بی بی اور فرح گوگی کا گھیرا تنگ ہوگا، عطاء تارڑ

پنجاب حکومت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر قانون پنجاب ملک احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر محکمہ داخلہ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ لوٹ کر کھا گئے پاکستان ، بشریٰ ، گوگی اور کپتان۔ عمران خان پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے چور ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بشریٰ بی بی بنی گالہ میں بیٹھ کرڈیل کرتی تھیں، ہیرے بیرون ملک بلیک مارکیٹ میں فروخت کئے جاتے تھے، آپ کا کوئی ڈاکہ 50 کروڑ سے کم کا نہیں ہے، اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے سے ان کی کرپشن نہیں چھپے گی، اپنی کرپشن چھپانے کیلیے اداروں پرحملہ قبیح فعل ہے۔

عطاتارڑ نے بتایا کہ یکم جولائی کو اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرکے 2 گرفتاریاں کیں، تو انکشاف ہوا کہ بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی نے فیصل آباد اکنامک زون میں 10 ایکڑ کے پلاٹ لئے، اور یہ 60 کروڑ کا پلاٹ غیرقانونی طور پر 8 کروڑ 30 لاکھ روپے میں الاٹ کرایا۔

صوبائی وزیر کے مطابق الاٹمنٹ پر فرح گوگی، ان کی والدہ اور شوہر احسن جمیل کے خلاف مقدمہ درج کیا، اب ہم فرح گوگی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے جارہے ہیں، احسن جمیل گجر بھی گرفتاری کے ایک گھنٹے بعد وعدہ معاف گواہ بنیں گے۔ عمران خان فرح گوگی اوراحسن جمیل کوپیش کریں۔

عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جتنے گھپلے کئے گئے ہیں ایک ایک کر کے سامنے آئیں گے، آنے والے دنوں میں ان کے خلاف گھیرا تنگ ہوگا۔

وزیرقانون پنجاب

صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ کوشش کی کہ کوئی غیرآئینی کام نہ کریں، آئین کی خلاف ورزی پی ٹی آئی کی جانب سےہوتی رہی، موجودہ صوبائی حکومت نےہمیشہ آئین اورقانون کااحترام کیا، سابق حکومت کے ڈپٹی اسپیکرنے آئین کی خلاف ورزی کی۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حکومت جانے کے بعد اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی شروع کردی، وہ اپنے سوا تمام سیاسی جماعتوں کو ناسمجھ کہتے ہیں، اور خود کو حق سچ کا علمبردار سمجھتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ختم ہونے لگی تو انہوں نے بیرونی سازش کا بیانیہ بنایا، بشریٰ بی بی کوغیرسیاسی اور گھریلو خاتون کہاجاتا تھا، لیکن اس کے برعکس سابق خاتون اول نے غداری کا بیانیہ چلایا، اگر وہ سیاسی ہوتیں تو ڈر ہے ایٹم بم ہی نہ چلا دیتیں۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی خفت مٹانے کیلئے نت نئےجھوٹ گھڑتے ہیں، سابق خاتون اول کی گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں وہ سوشل میڈیا پروپیگنڈا کے احکامات دے رہی ہیں، انہوں نے علیم خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کو غدار کہلوانے کی مہم چلوائی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے بیرون ملک سے ملے تحفے بیچ دیئے، عوام کے پیسے کو بےدردی سے لوٹا، جب حکومت میں ہوں تو باجوہ بہترین جنرل ہیں، اور جب عدم اعتماد آئی تو جنرل باجوہ سے شکوہ کیا کہ میری حکومت کیوں نہیں بچائی۔

ملک احمد کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے بیرونی سازش کا نام لے کر اندرونی سازش کی، کرپشن کے بیانیے پر لیگی قیادت پر کیسز بنائے، پہلے کہتے رہے کہ 10 ارب روزانہ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں، اور عدالت کے سامنے ایک روپیہ ثابت نہ کرسکے۔

IMRAN KHAN

BUSHRA BIBI

farha gogi

Tabool ads will show in this div