عمران خان باہر بڑھکیں مارتے اور اندر جاکر منتیں کرتے ہیں، خواجہ آصف

اداروں کے اندر تفرقہ پیدا کرنے کیلیے عمران خان کی سازش ناکام بنائیں گے، وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان باہر بڑھکیں مارتے اور اندر جاکر منتیں کرتے ہیں۔

سیالکوٹ میں تقریب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں ایسا دور شروع ہوگیا ہے جس میں آئین کی حکمرانی ہوگی، آئندہ عام انتخابات 2023 میں ہوں گے اور وہ شفاف اور آئین کے مطابق ہوں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ملک کے دفاعی اداروں پر حملہ آور ہورہے ہیں، ان اداروں نےملک کی خاطر 4 سال ان کی حکومت کوسہارا دیا، جس نے بھی عمران خان کو کھلایا ہے انہوں نے اس کو کاٹا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں اور ان کا دفاع کریں گے، ان تمام کوششوں کو ناکام بنائیں گے کہ جس سے اداروں کے درمیان یا اداروں کے اندر تفرقہ ہو۔ عمران خان سرحد پار دشمن کی حمایت پر یہ کوششیں کررہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کا ایک ہی مشن ہے کہ ایٹمی طاقت پاکستان اندر سے کمزور ہو، اس ملک کے ادارے اندر سے کمزور ہوں تاکہ وہ اس انتشار کا فائدہ اٹھاکر کسی طرح دوبارہ حکمران بن جائیں لیکن اس پر تمام دروازے آہستہ آہستہ بند ہورہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کل تک جن شخصیات اور اداروں کی تعریف کرتے نہیں تھکتے تھے، ان کے نزدیک اگر ادارے حمایت کریں تو ٹھیک اور اگر حمایت نہ کریں تو غلط ہیں لیکن اب یہ نہیں ہوگا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چہرے سے ایمانداری کا نقاب اتر رہا ہے، قانون کا دائرہ عمران خان کے گرد تنگ ہورہا ہے، ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، ان پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ عمران خان اس وقت تک اسلام آباد نہیں آئے جب تک انہوں نے ضمانت نہیں کروالی، جو بھی حکمران اداروں کا استعمال کرکے مخالفین کو کچلے اس سے زیادہ بزدل شخص کوئی نہیں، عمران خان 5 ، 5 منٹ کا وقت مانگتے ہیں، وہ باہر بڑھکیں مارتے اور اندر جاکر منتیں کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم مانتے ہیں کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، روزمرہ اشیاءاور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں، انشاء اللہ ہم اسے صحیح کریں گے، اللہ کے حکم سے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ حمزہ شہباز ہی پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہیں اور وہی رہیں گے، ضمنی الیکشن میں 17 سے 18 سیٹیوں پر ن لیگ کامیاب ہوگی، نواز شریف جلد پاکستان واپس آجائیں گے۔

pmln

IMRAN KHAN

KHAWAJA ASIF

Tabool ads will show in this div