قوم ساتھ دے ن لیگ قوم کو مشکلات سے نکالے گی، مریم نواز

عمران خان کے معاہدہ توڑنے کی وجہ سے آئی ایم ایف ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے

عمران خان کا معاہدہ توڑنے کے باعث آج آئی ایم ایف پاکستان کی امداد کیلئے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے، عمران خان کو چوری اور ڈاکے کی عادت پڑ چکی ہے، وہ قوم کو مشکلات میں چھوڑ کر چلا گیا، قوم ساتھ دے ن لیگ ان مشکلات سے نکالے گی۔
لاہور میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا کہ جلسہ گاہ پہنچنے میں بہت وقت لگا، ایک جلسہ یہاں کئی باہر ہورہے ہیں، پی پی 167 کا جذبہ بتارہا ہے کہ گرین ٹاؤن میں شیر آرہا ہے، نذیر چوہان کو مبارکباد دیتی ہوں کہ وہ کامیاب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ خان پورے پاکستان سے اتنے لوگ اکٹھے نہیں کرسکا جتنے گرین ٹاؤن میں ہوگئے، مخالفین نے سوچا حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے، انہوں نے سوچا شاید مریم نواز عوام میں نہیں نکلے گی آج انہیں بڑی مایوسی ہوئی، عوام تکلیف میں ہوگی تو نواز شریف کی بیٹی عوام کے درمیان ہوگی، معلوم ہے مہنگائی ہے مگر مہنگائی پچھلے 4 سالوں سے ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا ہے کہ عوامی کے دکھ، تکلیف اور مشکلات کا احساس ہے، آپ کی تکلیف میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوں گی، نواز شریف نے کہا کہ لوگوں کو بتاؤں کہ پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں پر نواز شریف کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، یہ مسائل ہمارے پیدا کردہ نہیں، مگر ان مسائل سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے، جن مسائل میں فتنہ خان عوام کو چھوڑ گیا، نواز شریف اور شہباز شریف نکالیں گے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی وجہ فتنہ خان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہے، معاہدہ کیا برا کیا، معاہدے سے روگردانی کی اس سے بھی برا کیا، آج آئی ایم ایف پاکستان کی امداد کیلئے ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے۔

ن لیگی رہنماء کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خزانے میں کچھ چھوڑا ہوتا تو یہ خزانے عوام پر نچھاور کردیتے، عمران خان کو چوری اور ڈاکے کی عادت پڑ چکی ہے، 2018ء میں عوامی مینڈیٹ چرا کر پاکستان پر مسلط ہوگیا، اس کے بعد قومی خزانے پر بھی ہاتھ صاف کردیئے۔

وہ کہتی ہیں کہ میں آج آپ سب سے مدد مانگنے آئی ہوں، شیر کا ساتھ دو وعدہ کرتی ہوں ان مشکلات سے نکال کر لے جائیں گے، مسلم لیگ ن نے چیلنجز میں حکومت لی، یقین رکھو کہ ان چیلنجز سے نمٹنا بھی آتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ فتنہ خان کہتا ہے مجھے پتا ہے پیٹرول کی قیمتیں اور بڑھیں گی، اگر یہ خبر معاہدہ کرنے والے کو نہیں معلوم ہوگی تو کس کو ہوگی؟، فتنہ خان نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کا پورا پلان بنایا ہوا تھا، خالی خزانے کیساتھ شہباز شریف نے آٹے، چینی، دالوں پر سبسڈی دی۔

ان کا کہنا ہے کہ فتنہ خان نے پنجاب کے عوام کے میںڈیٹ پر تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ڈالا، پنجاب کے عوام پر فرح گوگی مسلط کردی گئی، نواز شریف نے عوام کو اورنج لائن دی، فتنہ خان نے ایسی منی لائن دی جو سیدھی بنی گالہ جاتی تھی، پنکی پیرنی کا بیٹا ابراہیم 4 سال میں ارب پتی ہوگیا، جو بھی ٹینڈر جاتا تھا اس میں ابراہیم کا کمیشن جاتا تھا۔

MARYAM NAWAZ

Tabool ads will show in this div