مون سون کا پہلا اسپیل؛ کراچی اور حیدر آباد کے عوام سے خصوصی اپیل

محکمہ موسمیات نے 5 جولائی تک سندھ میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے
<p>فائل فوٹو</p>

فائل فوٹو

پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سندھ نے مون سون کے پہلے اسپیل کے دوران سیلابی صورت حال پیدا ہونے کے خدشہ کے پیش نظر کراچی ، حیدر آباد اور دیگر علاقوں کے عوام سے خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے 5 جولائی تک سندھ میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

سندھ میں داخل ہونے والے مون سون سسٹم کے تحت 2 سے 5 جولائی کے درمیان کراچی، حیدر آباد، جامشورو، تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، بدین، میرپور خاص، ٹھٹہ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار اور دادو میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشیں جب کہ نوشہروفیروز، خیرپور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، سکھر، گھوٹکی اور نوابشاہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مون سون کے پہلے اسپیل کے دوران ہونے والی بارشوں سے کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، عمرکوٹ ٹھٹھہ اور بدین میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

5 جولائی تک ہونے والی بارشوں اور اس دوران چلنے والی تیز ہواؤں سے کمزور اور بوسیدہ عمارتوں، درختوں اور سائن بورڈز گرنے کا خطرہ ہے۔

3 سے 5 جولائی کے دوران سمندر میں طغیانی ہوسکتی ہے، اس لئے ماہی گیر کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

مون سون بارش کا اچھا پہلو

مون سون کے پہلے اسپیل سے جہاں بعض علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے ، وہیں دریاؤں میں پانی کی قلت کم ہونے کا بھی امکان ہے۔

اس کے علاوہ یہ بارشیں چاول کی فصل کی کاشت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔

متعلقہ اداروں کو ہدایات

پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے سربراہان کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات کی ہیں کہ وہ متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کے لئے مشینری کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

عوام سے اپیل

پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران مناسب کپڑے زیب تن کریں اور جتنا ممکن ہوسکے گھروں میں رہیں، تیز بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ انڈر پاسز، نکاسی آب کے گڑھوں، نشیبی علاقوں اور پانی کی جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں کیونکہ ایسی جگہوں میں سیلابی پانی کا بہاؤ زیادہ ہوسکتا ہے، تیز بارش میں گاڑی چلانے سے گریز کریں اور محتاط رہیں۔

rain in karachi

Tabool ads will show in this div