پاک ایران عسکری قیادت کا دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق،آئی ایس پی آر

پاکستانی افواج کی قربانیوں کا بھی اعتراف

پاک ایران عسکری قیادت نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور فروغ کیلئے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جب کہ ایرانی عسکری لیڈر شپ نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے یکم جولائی کو ایران کا دورہ کیا۔

تہران آمد پر جنرل ندیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایران کے سرکاری دورے پر موجود جنرل ندیم نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر دفاع اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اسٹریٹیجک امور اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے سلامتی اور دفاع کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات ہوئی۔

بعد ازاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ایرانی بحریہ اور فضائیہ کے سربراہوں سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کيں۔

ترجمان کے مطابق پاک ایران عسکری قیادت نے دو طرفہ تعاون اور روابط کے فروغ پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ایرانی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ ایرانی عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

قبل ازیں ایرانی فوج کے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

Tabool ads will show in this div