پی ٹی آئی کا آج پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ، ٹریفک پلان جاری
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) آج بروز ہفتہ 2 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
جلسے کے موقع پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے پارکنگ اور ڈائیورشن پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے ڈائیورشن روٹس کی معلومات حاصل کرلیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ راول پنڈی کی مقامی قیادت اپنے اپنے حلقوں سے ریلیاں لے کر رحمان آباد پہنچیں گے جہاں سے سابق وزیراعظم عمران خان بڑی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے پریڈ گراونڈ جائیں گے۔ شیخ رشید شام چھ بجے ریلی کے ہمراہ لال حویلی سے نکلیں گے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد عرفان نواز میمن نے جمعرات کو ساڑھے تین صفحات پر مشتمل 42 نکاتی این او سی جاری کیا، تاہم یہ اجازت نامہ اسٹاف ڈیوٹی ڈائریکٹریٹ جی ایچ کیو ہیڈ کوارٹرز کی اجازت سے مشروط ہے۔ جلسہ عام شام 5 بجے شروع ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے ضابطہ اخلاق پر حلف نامہ لے لیا ہے، ضابطہ اخلاق میں اسلام آباد ایکسپریس وے بند نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
جلسے کے شرکاء ریڈ زون میں داخل ہوں گے نہ ہی سرکاری املاک کو نقصان پہنچائیں گے۔ جلسے کے شرکاء رات 12 بجے پریڈ گراؤنڈ خالی کر دیں گے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں جلسے کے منتظمین ذمہ دار ہوں گے۔
گزشتہ رات یکم جولائی کو سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے بھی پریڈ گراؤنڈ کا دورہ کیا گیا۔
اس موقع پر عمران خان اور دیگر پارٹی قیادت نے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا اور وہاں موجود لوگوں سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جلسہ گاہ کو اندر اور باہر سے پارٹی جھنڈوں سے سجایا گیا ہے، جب کہ عمران خان سمیت دیگر مرکزی قیادت کیلئے اسٹیج بھی تیار کرلیا گیا۔
جلسے کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد اور راول پنڈی میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی ہے۔