خلیجی ممالک میں 6.1 شدت کا زلزلہ،ایران میں 5 افراد ہلاک
ایران، قطر اور متحدہ عرب امارات ميں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ایران، قطر، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی سمیت شارجہ، دبئی اور دیگر ریاستوں میں محسوس کیے گئے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس زلزلے کے بعد ملک میں 6.3شدت کے مزید دو زلزلے بھی آئے۔
امريکی زلزلہ پيما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 ريکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز ايران ميں بندر لنگہ تھا۔ جب کہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو ميٹر تھی۔ زلزلے سے ایران میں 3 افراد ہلاک جب کہ 8 زخمی ہوئے ہیں، امدادی ٹیموں کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ زلزلے کا مرکز بندر لنگہ اماراتی ریاست شارجہ سے 150 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق صوبہ ہرمزگان میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے سربراہ مہرداد حسین زادہ نے بتایا کہ زلزلے میں پانچ افراد مارے گئے جبکہ اب تک 12 سے زائد زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا جا چکا ہے، ریسکیو کا کام جاری ہے اور ہم ایمرجنسی بنیادوں پر رہائش کے لیے ٹینٹ فراہم کررہے ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق 6.3 اور 6.1 شدت کے زلزلوں سے قبل ایک 6.1شدت کا ایک اور زلزلہ بھی آیا تھا جس سے ایرانی گاؤں سائے خوش بری طرح متاثر ہوا اور کئی مکان زمین بوس ہو گئے، اس کے بعد ایک درجن سے زائد آفٹر شاکس بھی آئے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.1 تھی، جب کہ یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر نے اسے 6.0 بتایا۔ یورپی مانیٹرنگ گروپ نے بتایا کہ زلزلہ 10 کلومیٹر کی گہرائی میں یا صرف چھ میل سے زیادہ تھا۔
یو اے ای کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق، زلزلہ صبح 1.32 بجے جنوبی ایران کے شہر بندر خمیر کے قریب آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
دبئی، شارجہ اور ملحقہ علاقوں میں فی الحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
گورنر فواد مراد زادہ نے کہا کہ تمام افراد پہلے زلزلے میں ہی ہلاک ہوئے اور بعد میں آنے والے دو زلزلوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ لوگ پہلے ہی خوف کے مارے اپنے گھروں میں آ گئے تھے۔
معروف ٹی وی اینکر اور گلوکار فخر عالم کی جانب سے بھی مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر زلزلے کی ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے کمرے میں چھت سے لٹکا لمپ کس شدت سے ہل رہا ہے۔
ویڈیو کیساتھ فخر عالم کا لکھنا تھا کہ یہ زلزلہ تمام زلزلوں کا ماں تھا اور گزشتہ 20 سالوں میں اس سے زیادہ طاقت ور زلزلہ محسوس نہیں کیا۔ اس موقع پر سب کیلئے دعا کرتے ہوئے فخر عالم کا کہنا تھا کہ اللہ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
ایران کی اہم جغرافیائی فالٹ لائنز پر گزرے سالوں کے دوران کئی تباہ کن زلزلے آئے ہیں اور 2003 میں صوبہ کرمان میں 6.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 31ہزار سے زائد افراد ہلاک اور شہر بام صفحہ ہستی سے مٹ گیا تھا۔