خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کو ملکر کام کرنے کی دعوت دیدی

رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار و دیگر کی پارٹی میں واپسی پر رائے دی، ترجمان

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیدی۔ رابطہ کمیٹی کے اجلاس ميں اراکين نے متنازعہ اور غیرمنصفانہ حلقہ بندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کيا۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ہوا، جس میں کراچی میں ہونیوالے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخابات کیلئے ممکنہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا، اراکین نے ڈاکٹر فاروق ستار و دیگر کی پارٹی میں واپسی پر رائے دی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں 100 سے بھی کم ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، جس پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا تھا کہ ہم بال بال بچے ہیں، اگر ایک نہ ہوئے تو مزید نقصان ہوگا۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہونیوالی قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کراچی پر ڈاکٹر فاروق ستار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ وقت مشترکہ امیدوار لانے کا ہے۔

بعض ذرائع یہ بھی قیاس کررہے ہیں کہ ڈاکٹر فاروق ستار جلد ہی دوبارہ ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہوجائیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے متنازعہ اور غیرمنصفانہ حلقہ بندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کارکنان کا جنرل ورکرز اجلاس اتوار کو طلب کرلیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اراکین رابطہ کمیٹی نے شہری سندھ کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کیخلاف بھرپور جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کراچی کے علاقے پی آئی بی میں ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی تھی، جس میں دونوں سیاسی رہنماؤں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر ضمنی انتخاب اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت کی تھی۔

FAROOQ SATTAR

khalid maqbool siddiqui

MQM Pakistan

Tabool ads will show in this div